اس موقع پر قانون و انصاف مرکزی وزارت کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزارت پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر معزز شخصیات نے بھی بھگوان برسا منڈا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مسٹر رادھا کرشنن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہاکہ ’’ہمت اور مزاحمت کی علامت بھگوان برسا منڈا نے برطانوی حکومت کے خلاف قبائلی برادری کی قیادت کی اور ان کے حقوق، عزت اور شناخت کی لڑائی لڑی۔ ان کی طرف سے دیا گیا الگلان کا نعرہ آزادی اور انصاف کی جدوجہد کی ایک مضبوط آواز بن گیا۔ قبائلی افتخار کے دن پر ہم ان کی لازوال میراث اور ہندوستان کی جدوجہد آزادی اور ملک کی تعمیر میں قبائلی برادریوں کی انمول خدمات کا احترام کرتے ہیں۔ ان کی میراث اور ملک کی جدوجہد آزادی اور تعمیر وطن میں قبائلی برادریوں کی انمول خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے والی شاندار ثقافتی پیشکشیں دیکھنا باعث تحریک رہا۔‘‘
واضح رہے کہ قبائلی مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سال 2021 سے ہر سال 15 نومبر کو قبائلی افتخار کا دن منایا جاتا ہے۔ ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں قبائلی برادریوں نے کئی انقلابی تحریکوں کے ذریعے اہم رول ادا کیا تھا۔ یہ دن ان کی مالا مال وراثت، ثقافت اور تاریخ کا جشن ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں مختلف پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں، جن کا مقصد اتحاد، فخر اور ملک کی آزادی و ترقی میں قبائلی برادریوں کی اہم خدمات کے تئیں احترام کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔
اس تقریب کے تحت معزز مہمانوں کے استقبال میں مختلف ریاستوں کے 6 قبائلی لوک فنکاروں نے پارلیمنٹ کمپلیکس میں واقع پریرنا استھل پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
