اکادمی کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے ان مقابلوں میں تقریری، فی البدیہہ تقریری، بیت بازی، اردو ڈراما، غزل سرائی، کوئز (سوال و جواب)، مضمون نویسی، خطوط نویسی، خوش خطی، بلند خوانی، گروپ سانگ اور امنگ پینٹنگ کے مقابلے شامل ہیں۔ ان سرگرمیوں کا بنیادی مقصد طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اردو زبان و ادب سے ان کی وابستگی کو مضبوط بنانا اور ان کی ہمہ جہت شخصیت سازی میں معاونت کرنا ہے۔
اسی سلسلے کی آخری کڑی کے طور پر یکم نومبر کو منعقد ہونے والا امنگ پینٹنگ مقابلہ بعض ناگزیر وجوہ کی بنا پر ملتوی کر دیا گیا تھا، جو آج 15 نومبر کو صبح 10 بجے منعقد کیا گیا، جس میں تقریباً ڈھائی سو طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ اس مقابلے میں پرائمری سے لے کر سینئر سیکنڈری سطح تک، یعنی دوسری سے بارہویں جماعت کے طلبہ و طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
مقابلے کی خاص بات یہ تھی کہ شرکا کو موقع پر ہی مختلف موضوعات دیے گئے، جن میں سے اپنی پسند کے کسی ایک موضوع پر انہیں پینٹنگ تیار کرنی تھی۔ اس طرح طلبہ کو نہ صرف اپنی تخلیقی سوچ، فنکارانہ صلاحیت اور جمالیاتی ذوق کے اظہار کا موقع ملا بلکہ محدود وقت میں اپنی فنی مہارت اور موضوع کو سمجھنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کا بھی موقع فراہم کیا گیا۔
امنگ پینٹنگ مقابلے کے انعقاد کے ساتھ ہی اردو اکادمی، دہلی کے رواں سال کے تعلیمی و ثقافتی مقابلوں کا سلسلہ اختتام پذیر ہوا۔ مقابلے میں شریک طلبہ و طالبات کی تیار کردہ پینٹنگز کا جائزہ لینے کے بعد نتائج مرتب کیے جائیں گے، جن کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ کامیاب قرار پانے والے طلبہ و طالبات کو اول، دوم اور سوم انعامات کے علاوہ حوصلہ افزائی کے انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔
اکادمی کی یہ تعلیمی و ثقافتی سرگرمیاں طلبہ میں اردو زبان و ادب سے دلچسپی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی فکری، تخلیقی اور فنکارانہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان مقابلوں کے ذریعے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، خود اعتمادی میں اضافے اور صحت مند مسابقت کے ماحول میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
