Masarrat
Masarrat Urdu

سوشل میڈیا کے استعمال میں اخلاقی حدود کی پابندی ضروری

Thumb

تعمیری اور مفید کاموں کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جائے : ڈاکٹر خان یاسر

نئی دہلی، 15 نومبر(مسرت ڈاٹ کام) سوشل میڈیا آج محض تفریح یا وقت گزاری کا ذریعہ نہیں رہا، بلکہ اس نے ہماری زندگی کے تقریباً ہر شعبے کو متاثر کیا ہے۔ ہمارے باہمی تعلقات، تعلیم و تربیت، تجارت، سیاست، سماجی رویوں، ابلاغ اور فکر و نظر کی تشکیل میں اس کا کردار مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ہم میں سے شاید ہی کوئی ایسا ہو جو کسی نہ کسی صورت میں سوشل میڈیا سے وابستہ نہ ہو۔اس لیے ضروری ہے کہ ہم صرف یہ نہ سوچیں کہ سوشل میڈیا کو کس طرح استعمال کیا جائے، بلکہ یہ بھی سمجھیں کہ اسے کس مقصد کے لیے، کس انداز میں اور کن اخلاقی حدود کے اندر رہتے ہوئے استعمال کیا جانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز کے استاد ڈاکٹر خان یاسر نے کیا ۔’

سوشل میڈیا ، ایمان ، اخلاقیات اور ذمہ داری ‘ کے موضوع پر جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہال میں اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا ۔اجتماع عام میں سوشل میڈیا کے پھیلاؤ ، اس کے اثرات اور اخلاقی حدود پر اظہار خیال کیا گیا ۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر خان یاسر نے کہا کہ سوشل میڈیا دور حاضر کا سب سے بڑا ابلاغ کا ذریعہ ہے۔ سوشل میڈیا کے بارے میں جو تازہ اعداد و شمار ہیں اس میں یہ بات بتائی گئی ہے کہ پوری دنیا میں تین بلین سے زیادہ لوگ سوشل میڈیا کا استعمال کر رہے ہیں۔ لیکن فیس بک پر پانچ ہزار دوستوں اور انسٹاگرام پر ہزاروں فالوورز رکھنے کے باوجود انسان خود کو تنہا محسوس کر رہاہے ۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک ایسا قافلہ ہے جس میں ہر شخص تنہا ہے۔ حقیقی دنیا سے اس کے تعلقات کمزور ہو گئے ہیں۔ وہ بامعنی گفتگو اور کار آمد وقت گزارنے سے محروم ہوتا جا رہا ہے۔ اب اسے ہر کام کے لیے موبائل فون کی ضرورت محسوس ہوتی۔ اس صورتِ حال پر ہمیں سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سوشل میڈیا کے منفی پہلوؤں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ایسا نہ ہو کہ ہماری وجہ سے ناچ گانے، غیر سنجیدہ تفریح، بے مقصد ہنسی مذاق اور اس طرح کی سرگرمیوں کو فروغ ملے اور بعد میں یہی چیزیں ہمارے لیے وبالِ جان بن جائیں۔لہٰذا ہماری توجہ سنجیدہ، بامقصد اور فائدہ مند باتوں پر مرکوز رہنی چاہیے اور ہمیں اخلاقی اور معیاری چیزوں کو فروغ دینے کا ذریعہ بننا چاہیے۔

اس موقع پر ڈاکٹر خان یاسر نے سوشل میڈیا کے استعمال کے تعلق سے دس نکاتی رہ نما اصول پیش کئے 1۔ سوشل میڈیا کی سمجھ اور اثرات کا جائزہ 2۔ سوشل میڈیا کا بامقصد اور متوازن استعمال۔3۔ حیا، تقویٰ اور پاکیزگی کا تحفظ۔ 4۔ حق، انصاف اور سچائی کی پابندی 5۔ زبان کی حفاظت اور گفتگو کے اخلاقی اصول 6۔ سوشل میڈیا پر رازداری اور ذاتی زندگی کا تحفظ 7۔ سوشل میڈیا پر دعوتِ دین اور اختلافِ رائے ظاہر کرنے کے آداب 8۔ سوشل میڈیا کے لیے مفید اور تعمیری مواد کی تخلیق 9۔ اللہ کے سامنےجواب دہی کا احساس 10۔ سوشل میڈیا کے ذریعے تعمیری اور اصلاحی کام

 

ڈاکٹر خان یاسر اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ سوشل میڈیا بذاتِ خود نہ مکمل طور پر اچھا ہے اور نہ برا۔ یہ ایک ذریعہ ہے، ایک وسیلہ ہے۔ اس کا اچھا یا برا ہونا بڑی حد تک اس بات پر منحصر ہے کہ ہم اسے کس مقصد کے لیے اور کس انداز میں استعمال کرتے ہیں۔ہمیں سوشل میڈیا کے استعمال کا مقصد متعین کرنا چاہیے۔ ہمیں خود سے سوال کرنا چاہیے کہ ہم سوشل میڈیا کیوں استعمال کر رہے ہیں؟ کیا ہم علم حاصل کرنے کے لیے اس پر آتے ہیں؟ کیا ہم کسی مفید سرگرمی، سماجی رابطے یا دعوتی مقصد کے لیے اسے استعمال کرتے ہیں؟ یا محض وقت گزاری اور بے مقصد مصروفیت کے لیے؟ جب مقصد واضح ہوگا تو استعمال میں بھی اعتدال پیدا ہوگا اور ہم سوشل میڈیا کا استعمال تعمیری اور مفید کاموں کے لیے کر سکیں گے ۔

جلسے میں سوشل میڈیا کے تعلق سے جماعت اسلامی ہند کی طرف سے چلائی جا رہی مہم کا بھی اعلان کیا گیا ۔یہ مہم 15 نومبر سے 22 نومبر تک ملک گیر سطح پر چلائی جا رہی ہے اس مہم کا مقصد سوشل میڈیا صارفین کے درمیان اس کے مثبت اور تعمیری استعمال کے سلسلے میں بیداری پیدا کرنا اور بڑے پیمانے پر عوام الناس کو جماعت اسلامی ہند کے سوشل میڈیا سے جوڑنا ہے۔ جلسے میں معززین شہر کے علاوہ بڑی تعداد میں خواتین اور طلبہ نے شرکت کی۔جلسے میں سوال و جواب کا سیشن چلا ۔جلسے کی نظامت ظہیر احمد نے کی ۔

 

Ads

مضامین

Ads