Masarrat
Masarrat Urdu

جیفری ساکس: ٹرمپ ایران کے خلاف جنگ جیتنے کی پوزیشن میں نہیں، محاصرہ ختم کرکے امریکی افواج واپس بلائیں

  • 15 Nov 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 15 نومبر (مسرت ڈاٹ کام)  معروف امریکی ماہرِ اقتصادیات اور کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر جیفری ساکس نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف جنگ میں نہ فوجی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں اور نہ سفارتی محاذ پر فتح یاب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ ایران کا محاصرہ ختم کرکے مغربی ایشیا سے اپنی فوجیں واپس بلا لے۔

مہر خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ساکس نے کہا کہ ٹرمپ اپنی سیاسی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے کسی کامیابی کا اعلان کرنا چاہتے ہیں، لیکن موجودہ حالات میں ان کے لیے ایسا ممکن نہیں۔ ان کے مطابق، کسی نئے معاہدے کے بغیر بھی جنگ ختم کی جاسکتی ہے، جس سے ایران کی سلامتی برقرار رہے گی، تباہی کا سلسلہ رکے گا اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھل سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو محاصرہ ختم کرکے خاموشی سے خطہ چھوڑ دینا چاہیے۔ تاہم، ان کے خیال میں امریکی پابندیوں کا فوری خاتمہ مشکل ہے۔

ایران اور امریکہ کے درمیان نئے سفارتی معاہدے کے امکانات پر ساکس نے کہا کہ جب تک امریکہ میں نئی قیادت نہیں آتی، اسرائیلی حکومت کی پالیسی تبدیل نہیں ہوتی اور امریکی سیاسی طبقے کی سوچ میں تبدیلی نہیں آتی، کسی پائیدار معاہدے کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ ان کے مطابق امریکی عوام امن چاہتے ہیں، لیکن سیاست دان اپنی سیاسی ساکھ کھونے کے خوف سے اس سمت میں پیش رفت نہیں کر رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل ایران کے خلاف جنگ کے معاملے میں بری طرح ناکام رہی۔ یورپی ممالک کا رویہ بھی مایوس کن رہا۔ انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرے۔

ساکس نے برکس، چین، روس اور دیگر ابھرتی ہوئی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کے دفاع میں واضح مؤقف اختیار کریں۔ ان کے مطابق، مغربی ایشیا کے ممالک کو اپنی خودمختار علاقائی سلامتی کا نظام تشکیل دینا چاہیے اور بیرونی طاقتوں، خصوصاً امریکہ پر انحصار ختم کرنا چاہیے۔

انہوں نے امریکہ اور برطانیہ کی ’’تقسیم کرو اور حکومت کرو‘‘ کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بڑی طاقتیں خطے کے ممالک کے درمیان اختلافات کو ہوا دے کر اپنا تسلط برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ اس طرزِ سیاست کو ختم کرکے قوموں کی برابری، باہمی تعاون اور عدم مداخلت کے اصولوں کو فروغ دیا جائے۔

جنگ کے اقتصادی اثرات پر بات کرتے ہوئے ساکس نے کہا کہ عالمی بالادستی قائم رکھنے کی امریکی کوششوں نے ملک کو مسلسل جنگوں میں الجھائے رکھا ہے، جن پر کھربوں ڈالر خرچ ہوئے۔ ان جنگوں کے نتیجے میں عوام پر معاشی بوجھ بڑھا، شرحِ سود میں اضافہ ہوا اور امریکہ اپنے بیشتر اعلان کردہ مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ نے تمام فریقوں کو نقصان پہنچایا ہے اور اس کے اثرات پوری دنیا محسوس کر رہی ہے۔ یہ ایک بے جواز جنگ ہے جس میں کوئی فاتح نہیں۔

یورپی ممالک کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے ساکس نے کہا کہ برطانیہ اور فرانس سمیت بیشتر یورپی رہنما تزویراتی بصیرت سے محروم ہیں اور بین الاقوامی قوانین کے دفاع میں مؤثر کردار ادا نہیں کر رہے۔ انہوں نے یوکرین جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے نیٹو کی توسیع پسندی کو اس تنازع کی بنیادی وجوہات میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ یورپ اب بھی ایک متحد اور خودمختار خارجہ پالیسی تشکیل دینے میں ناکام ہے۔

 
 

Ads

مضامین

Ads