Masarrat
Masarrat Urdu

جنگ شروع کریں گے تو تباہ کن جواب ملے گا، جنرل محسن رضائی کا امریکہ کو انتباہ

  • 08 Nov 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 8 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی نے امریکی قیادت کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ جنگ اور انتخابات، دونوں محاذوں پر شکست سے دوچار ہو چکا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر واشنگٹن نے ایران کے خلاف دوبارہ جنگ چھیڑنے کی کوشش کی تو اسے ایسے تباہ کن جواب کا سامنا کرنا پڑے گا جس کے نتائج امریکی قیادت کے لیے انتہائی سنگین ہوں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، میجر جنرل محسن رضائی نے اپنے ایک بیان میں امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ واشنگٹن میں آخر یہ پیغام کس ذمہ دار عہدیدار تک پہنچایا جائے کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئی فوجی کارروائی کا بھرپور اور تباہ کن جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ میں سیاسی اور عسکری سطح پر پائی جانے والی صورت حال کے پیش نظر یہ واضح نہیں کہ ایران کا انتباہ کس تک پہنچایا جائے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں محسن رضائی نے کہا، ’’آپ جنگ بھی ہار چکے ہیں اور انتخابات بھی۔ وینس شکست تسلیم کر چکے ہیں، روبیو اقتدار سے باہر ہونے والے ہیں، ہیگستھ کو برطرف کیے جانے کی باتیں ہو رہی ہیں، جبکہ سینٹکام کا کمانڈر اب پوڈکاسٹر بن چکا ہے۔‘‘

انہوں نے امریکی قیادت کی سیاسی اور انتظامی صورت حال پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جب امریکی حکام خود مختلف مسائل اور اندرونی تبدیلیوں سے دوچار ہیں تو ایران کی جانب سے دی جانے والی وارننگ آخر کس تک پہنچائی جائے۔ رضائی نے واضح کیا کہ ایران کسی بھی ممکنہ جارحیت کو نظرانداز نہیں کرے گا اور اس کے خلاف کارروائی کی صورت میں سخت ردعمل ظاہر کیا جائے گا۔

ایرانی عہدیدار نے اپنے بیان کے آخر میں ایک بار پھر خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تو اسے تباہ کن جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کے اس بیان کو ایسے وقت میں ایران کی جانب سے سخت پیغام قرار دیا جا رہا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اور فوجی تصادم کے خدشات بدستور پائے جاتے ہیں۔

Ads