وزارت خارجہ نے پیر کو بتایا کہ مسٹر مسری نے ابوظہبی میں بین الاقوامی تعاون کے امور کی وزیر مملکت اور ہندوستان کے لیے متحدہ عرب امارات کی خصوصی ایلچی ریم الہاشمی سے ملاقات کی۔ دونوں فریقوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کا جائزہ لیا اور تعاون کے نئے مواقع پر غور کیا۔ اس دوران علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی خیالات کا تبادلہ ہوا۔
خارجہ سکریٹری نے ابوظہبی کے محکمۂ ثقافت و سیاحت کے چیئرمین محمد خلیفہ المبارک سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ثقافتی اور تخلیقی سرگرمیوں کے تبادلے کو فروغ دینے کے ساتھ دونوں ملکوں کے اداروں کے درمیان بہتر روابط قائم کرنے پر بات چیت ہوئی۔ اس میں ’ہاؤس آف انڈیا‘ اور سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امکانات بھی شامل تھے۔
اس کے علاوہ مسٹر مسری نے ابوظہبی کے محکمۂ مالیات کے چیئرمین اور ’العماد ہولڈنگ کمپنی‘ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ چیف ایگزیکٹیو آفیسر جاسم محمد بو عتابہ الزابی سے بھی بات چیت کی۔ اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے اور طویل مدتی کاروباری شراکت داری کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
خارجہ سکریٹری کا یہ دورہ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک تعاون کو آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔ دونوں فریقوں نے آنے والے وقت میں اس شراکت داری کو مزید رفتار دینے کی خواہش ظاہر کی۔
