ریلی میں شرکت کے لیے مختلف ریاستوں سے کانگریس اور انڈیا اتحاد میں شامل جماعتوں کے کارکن اور حامی رام لیلا میدان پہنچ رہے ہیں۔ ریلی کے سلسلے میں میدان میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ریلی کا آغاز 12 بجے ہوگا۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو، راشٹریہ جنتا دل کے رہنما تیجسوی یادو اور ترنمول کانگریس کی ممتا بنرجی سمیت انڈیا اتحاد میں شامل مختلف جماعتوں کے کئی دیگر رہنما بھی ریلی سے خطاب کرکے ’ووٹ چوری‘ کے معاملے پر اپنے خیالات پیش کرسکتے ہیں۔
دہلی پولیس نے بھی ریلی کے پیش نظر ٹریفک کے انتظامات میں تبدیلی کی ہے۔ ٹریفک سے متعلق یہ انتظامات اتوار کی صبح 10 بجے سے نافذ ہوگئے ہیں اور شام 5 بجے تک جاری رہیں گے۔ لوگوں کو اس دوران مقررہ راستوں پر ٹریفک سے متعلق ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
