میٹنگ میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف ’عوام کی عدالت میں مواخذے‘ کے پروگرام کی تیاریوں اور اس کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا، رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی، جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی مہوا مانجھی، ترنمول کانگریس کے ڈیرک اوبرائن، سماج وادی پارٹی کے ہریندر ملک، مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے جان بریٹاس اور کانگریس رہنما پون کھیڑا اور منیکم ٹیگور سمیت انڈیا اتحاد کے دیگر رہنما موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق لوک سبھا کی سابق اسپیکر میرا کمار عوامی مواخذے کے پروگرام کی صدارت کریں گی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف عوامی مواخذے کی تجویز پیش کریں گے۔ اس کے بعد انڈیا اتحاد میں شامل جماعتوں کی جانب سے ایک ایک نمائندہ اپنی بات رکھے گا۔ پروگرام میں گیانیش کمار کے خلاف چارج شیٹ بھی پیش کی جائے گی۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی آخر میں خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اس پروگرام میں سول سوسائٹی کے نمائندوں اور خصوصی تفصیلی نظرثانی (ایس آئی آر) سے متاثرہ افراد کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ اپوزیشن جماعتیں اسے پارلیمنٹ کی کارروائی کی نقل کے بجائے ایک عوامی پلیٹ فارم پر چیف الیکشن کمشنر کے کام کاج کے حوالے سے جواب دہی طے کرنے کی پہل کے طور پر پیش کرنا چاہتی ہیں۔
میٹنگ کے بعد کانگریس رہنما پون کھیڑا نے کہا کہ گیانیش کمار کے خلاف عوامی مواخذے کے عمل کو آگے بڑھانے کی تیاریاں اچھی طرح جاری ہیں۔ ان کے مطابق انڈیا اتحاد کے تمام رہنماؤں نے اس معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور پروگرام کو آگے بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا۔
