Masarrat
Masarrat Urdu

راہل کی ’چلو دہلی‘ مارچ میں طلبہ اور عام لوگوں سے شرکت کی اپیل

Thumb

نئی دہلی، 29 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے انڈیا اتحاد کی جانب سے یکم نومبر کو قومی راجدھانی کے رام لیلا میدان میں منعقد ہونے والی ’چلو دہلی‘ مارچ کو جمہوریت، آئین اور ووٹ چوری کے خلاف ملک کا احتجاج قرار دیتے ہوئے طلبہ سمیت عام لوگوں سے اس میں شرکت کی اپیل کی ہے۔

مسٹر گاندھی نے جمعرات کو ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی ایک سیاسی پارٹی کا مارچ نہیں، بلکہ ہندوستان کی روح کا مارچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے پریشان ہیں اور جمہوریت و آئین کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں، انہیں اس مارچ میں ضرور شامل ہونا چاہیے۔

انہوں نے تمام طلبہ تنظیموں سے سیاسی نظریات سے بالاتر ہو کر اس مارچ میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں لگتا ہے کہ ملک، ان کی اظہار رائے کی آزادی، ان کے خیالات اور سوچنے کے طریقے پر حملہ ہو رہا ہے، تو انہیں اس مارچ میں شرکت کرنی چاہیے۔

مسٹر گاندھی نے مظاہرین سے پولیس یا لاٹھی چارج کے حوالے سے خوف زدہ نہ ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں اس طرح کی کارروائی کرنے کی ہمت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سبھی لوگ آئین اور ملک کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھیں گے۔

انہوں نے ملک کے عوام سے یکم نومبر کو رام لیلا میدان پہنچنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی روح کے تحفظ کے لیے مارچ ہے۔

 

Ads