Masarrat
Masarrat Urdu

ایران پوری طاقت سے کھڑا ہے؛ امریکی احمق صدر کی باتوں کا جواب دیا جائے گا، محسن رضائی

  • 24 Sep 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 24 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضایی نے خطے کی حالیہ صورتحال اور ٹرمپ کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے حوالے سے اپنے اعلان کردہ مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا اور اسلامی جمہوریہ ایران پوری قوت کے ساتھ اپنے راستے پر گامزن ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری اور رہبرِ انقلابِ کے نمائندے میجر جنرل محسن رضایی نے ہفتۂ دفاع مقدس کے حوالے سے نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ایران کی سربلند قوم، شہداء کے اہل خانہ اور مسلط کردہ جنگ کے مجاہدین کو ہفتۂ دفاع مقدس کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی نے ٹرمپ کے ایران کے خلاف جنگ اور ایرانی افواج کی مزاحمت سے متعلق دعوؤں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکی احمق صدر کی باتوں کا جواب دیا جائے گا۔ ٹرمپ نے خیالی باتیں کی ہیں۔ میری نظر میں ٹرمپ کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر ایک شکست خوردہ مجرم کا دفاعیہ تھی۔

رضائی نے کہا کہ یہ امریکہ کا پہلا صدر ہے جس کی تمام گفتگو ایران کے گرد گھومتی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران ٹرمپ اور امریکی سیاست کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ ایران کی طاقت کے بغیر یہ صورتِ حال پیدا نہیں ہوسکتی تھی۔

انہوں نے ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر اپنی ناکامیوں اور جرائم کا دفاع کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

جنرل رضائی نے کہا کہ ٹرمپ نے جنگ کو امن اور دہشت گردی کو سلامتی کا نام دے دیا ہے، لیکن دنیا اسے قبول نہیں کرے گی۔

ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ نے دنیا بھر میں امریکی صدر کے عزائم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے انقلاب کے آغاز سے اب تک کسی ملک پر حملہ نہیں کیا بلکہ ہمیشہ اپنا دفاع کیا ہے۔ ٹرمپ اور نیتن یاہو نے دنیا میں شدید ترین دہشت گردی کو جنم دیا ہے اور 25 ہزار بچے مارے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ خود سمجھ گیا ہے کہ وہ جارح اور اصلی ملزم ہے اور وہ جانتا ہے کہ اس کا حساب لیا جائے گا۔

رضائی نے کہا کہ ایران نے حالیہ جنگ میں امریکہ کے جدید طیاروں اور دیگر فوجی سازوسامان کو نشانہ بنایا اور امریکی افواج کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جارج واشنگٹن کے قریب میزائل حملہ بھی کیا اور ایک امریکی آبدوز کو قبضے میں لے کر اس کی ریورس انجینئرنگ شروع کردی ہے۔

انہوں نے ٹرمپ کی گفتگو کو اس کی انتخابات میں شکست کی واضح دلیل قرار دیا۔

جنرل محسن رضائی نے ایران کو میدان جنگ کا فاتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے اکثر ماہرین کہتے ہیں کہ جنگ کا اصل فاتح ایران ہے۔ دنیا کو نہیں لگتا تھا کہ ایران امریکہ کے جدید جہازوں کو تباہ کرے گا؛ لیکن ایران نے کر کے دکھایا۔

محسن رضائی نے کہا کہ آج ایران اپنی طاقت کے عروج پر ہے اور جنگ سے پہلے کے ایران کی طرح نہیں ہے۔ ایران خطے اور دنیا میں اپنی فوجی طاقت اور پیشرفت کے لحاظ سے مضبوط مقام رکھتا ہے۔

آبنائے ہرمز کھولنے اور مذاکرات کے لیے ایران کی 7 شرائط

رضائی نے ایران کی نئی سفارتی پالیسی کے بارے میں کہا کہ ایران ماضی کی طرف واپس نہیں جائے گا اور امریکہ کو ایرانی عوام کا اعتماد حاصل کرنا ہوگا اور پہلے عمل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی سات شرائط ہیں اور پاکستان، قطر اور عراق کو ان شرائط سے آگاہ کیا جاچکا ہے۔ اگر امریکہ ان شرائط پر عمل نہیں کرتا تو نہ آبنائے ہرمز کھولی جائے گی اور نہ ہی مذاکرات ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر پزشکیان اور وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ ہونے والی ایک نشست میں طے کیا گیا کہ ایران کی شرائط امریکہ تک پہنچائی جائیں گی۔ جب تک ایران کی شرائط پوری نہیں ہوتیں، آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی۔

رضائی نے کہا کہ ایران نئی سفارت کاری کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتا ہے اور امریکہ پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ یمن ایک آزاد ملک ہے اور ایران، سعودی عرب اور یمن کے درمیان جنگ نہیں چاہتا۔ہم جنگ کے خواہاں نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کھولنے سے پہلے ایران کی شرائط پر عمل اور اعتماد سازی ضروری ہے۔ ایران کے پاس آبنائے ہرمز موجود ہے جو ایرانی عوام کے حقوق کے حصول کے لیے اس کی طاقت اور ایک اہم ذریعہ ہے۔

جنرل محسن رضائی نے خطے کے ممالک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹرمپ کی ایران مخالف مہم جوئی کا حصہ نہ بنیں۔

انہوں نے ایرانی طیاروں پر ممکنہ پابندیوں کے امریکی منصوبے کے ردعمل میں کہا کہ اگر علاقائی ممالک ایرانی طیاروں کو اپنی فضائی حدود اور ہوائی اڈوں سے پرواز کی اجازت نہیں دیں گے تو ان کے اپنے ہوائی اڈے بھی پروازوں سے محروم ہوسکتے ہیں۔

رضائی نے علاقائی ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ ہمارے دوست ہیں تو آپ کو امریکہ کی صف میں شامل نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ خطے کے ممالک کو جنگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

Ads