وزیر اعظم نریندر مودی نے سینئر صحافی پائل مہتا کے بے وقت انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
مسٹر مودی نے اتوار کو اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ زمینی رپورٹنگ کے تئیں ان کی وابستگی، قومی مسائل کی باریک سمجھ اور جس رحمدلی اور گرمجوشی کے ساتھ انہوں نے اپنے آس پاس کے لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کیا، اس کے لیے انہیں یاد کیا جائے گا۔
رپورٹوں کے مطابق نیٹ ورک18 سے وابستہ معروف سیاسی صحافی محترمہ مہتا کا ہفتہ کی دیر رات ممبئی میں اچانک صحت سے متعلق پریشانی کے بعد انتقال ہوگیا۔ انہیں رات تقریباً 2 بجے ایک مقامی اسپتال لے جایا گیا، لیکن علاج شروع ہونے سے پہلے ہی ان کی موت ہوگئی۔
مسٹر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیے گئے تعزیتی پیغام میں محترمہ مہتا کو ایک محنتی صحافی قرار دیا جو زمینی سطح سے قریب سے جڑی رہیں اور اپنی رپورٹنگ میں قومی مسائل کی گہری سمجھ پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ ’’اپنے کام کے علاوہ، انہیں اس رحمدلی اور محبت کے لیے یاد کیا جائے گا جس کے ذریعے انہوں نے بہت سے لوگوں کی زندگیوں کو چھوا۔ ان کا اچانک اور بے وقت انتقال انتہائی افسوسناک ہے۔‘‘
مسٹر مودی نے محترمہ مہتا کے اہل خانہ، دوستوں اور پیشہ ور ساتھیوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مشکل وقت میں ان کے حوصلے کے لیے پرارتھنا کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ’’ان کے اہل خانہ، دوستوں اور ساتھیوں سے میری تعزیت۔ اس مشکل وقت میں انہیں حوصلہ ملے۔ اوم شانتی
مسٹر کھرگے نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ پائل مہتا محنتی اور سرگرم صحافی تھیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ کی کارروائی کی کوریج کی اور انہیں عوامی معاملات کی گہری سمجھ تھی۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ ''پارلیمنٹ کی کارروائی کی کوریج کرنے والی صحافی پائل مہتا کے بے وقت انتقال سے مجھے رنج ہوا ہے۔ ان کے اہل خانہ، دوستوں اور ساتھیوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔''
کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ پائل مہتا کے ممبئی میں چند گھنٹے پہلے انتقال کی خبر رنجیدہ کرنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائل سے ان کی پہلی ملاقات تقریباً 18 سال پہلے ہوئی تھی اور پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ان کی 'بریکنگ نیوز' انہیں ہمیشہ بیدار رکھتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پائل محنتی اور خوش مزاج تھیں۔ انہوں نے کھیلوں کی صحافی کے طور پر اپنے کیریر کا آغاز کیا تھا اور حالیہ برسوں میں سیاسی صحافت میں اپنی شناخت بنائی تھی۔
