Masarrat
Masarrat Urdu

ماحولیات پر تقریریں کرنے والے لوگ جوہری توانائی کے پروگرام کو بھی عدالت میں لے جا سکتے ہیں: مودی

Thumb

نئی دہلی، 19 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے ماحول کے تحفظ کے نام پر ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو ہفتہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹھوس اندیشہ ظاہر کیا کہ ’ماحولیات پر لمبی لمبی تقریریں کرنے والے‘ ایسے لوگ جوہری توانائی کو فروغ دینے کی ان کی کوشش کو روکنے کے لیے عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹا سکتے ہیں۔

انہوں نے بجلی پیدا کرنے کے کاربن سے پاک ذرائع کو فروغ دینے کی اپنی حکومت کی پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’’اور اب ملک جوہری توانائی کی پیداوار پر تیزی سے کام کر رہا ہے۔ اور جو لوگ ماحولیات پر لمبی لمبی تقریریں کرتے رہتے ہیں، جب میں جوہری توانائی کا کام آگے بڑھاؤں گا تو اسے روکنے کے لیے عدالتوں میں جاکر کھڑے ہو جائیں گے۔‘‘ مسٹر مودی یہاں قومی سبز ٹریبونل (این جی ٹی) کی جانب سے ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کی رفتار پر منعقد کیے جا رہے 2 روزہ بین الاقوامی پروگرام کا افتتاح کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جوہری توانائی کے شعبے میں نجی شعبے کی اکائیوں کو بھی شامل کرنے کا راستہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر عدالتی شعبے سے وابستہ لوگوں، خاص طور پر وکلا سے اپنی حکومت کی ماحولیات اور قدرتی نظام کے تحفظ کی کوششوں کے نتائج، سبز توانائی، برقی نقل و حمل، شجر کاری اور ایسی تمام پہلوں کے ذریعے کاربن کے اخراج میں کمی لانے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر غور کرنے کی اپیل کی۔

وزیر اعظم نے کہا، ’’آپ اعداد و شمار دیکھیے، 12 سال پہلے ہندوستان میں شمسی توانائی کی پیداوار کی صلاحیت تقریباً 2 گیگاواٹ (2000 میگاواٹ) تھی۔ اگر یہاں وکیل بیٹھے ہیں تو ذرا ان اعداد و شمار کو یاد رکھیں، کبھی کام آئیں گے۔ آج یہ 160 گیگاواٹ (1.6 لاکھ میگاواٹ) سے زیادہ ہو چکی ہے۔ 12 سال میں 2 گیگاواٹ سے 160 گیگاواٹ۔ ہم نے پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی اسکیم کے تحت گھروں کو ہی شمسی توانائی کی پیداوار کا مرکز بنانے کا مشن شروع کیا۔ اس اسکیم کے تحت اب تک 50 لاکھ سے زیادہ گھروں میں چھت پر شمسی پینل لگائے جا چکے ہیں۔ یہ دنیا کے کئی ممالک کے کل گھروں سے زیادہ ہے۔ اس کے لیے حکومت نے ہر گھر کو تقریباً 80,000 روپے تک کی مالی مدد دی ہے۔‘‘

وزیر اعظم نے کہا، ’’صرف شمسی توانائی سے ہی ہندوستان میں تقریباً، یہ اعداد و شمار بھی وکلا کے لیے ہیں، ہندوستان میں تقریباً 20 کروڑ ٹن کاربن کے اخراج کو روکنے میں کامیابی ملی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 12 سال میں ملک میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 3 گنا بڑھ گئی ہے۔ پن بجلی کی صلاحیت میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے۔ ان کوششوں کی وجہ سے آج ہندوستان میں معدنی ایندھن کے علاوہ دیگر ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت تقریباً 4 گنا بڑھ گئی ہے۔ ہندوستان کوئلے کے زیادہ صاف ستھرے استعمال کے لیے کوئلہ گیس کاری جیسی ٹیکنالوجی کو بھی فروغ دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان آج صاف ستھری نقل و حمل اور سبز ہائیڈروجن جیسے شعبوں میں تیزی سے کام کر رہا ہے۔ ابھی کچھ دن پہلے ہندوستان کی پہلی ہائیڈروجن ٹرین چلی ہے اور یہ دنیا کی سب سے لمبی ہائیڈروجن ٹرین ہے۔ یہ صاف ستھری نقل و حرکت کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔

انہوں نے ریلوے کی بجلی کاری اور میٹرو نیٹ ورک کی توسیع سے بھی کاربن کے اخراج میں کمی آنے کا ذکر کیا۔

 

 

Ads