Masarrat
Masarrat Urdu

برکس کی خود انحصاری کے لیے باہمی اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دیں رکن ممالک: جے شنکر

Thumb

نئی دہلی، 11 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) موجودہ جغرافیائی سیاسی حالات کے درمیان وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعہ کو برکس کی اجتماعی خود انحصاری کے لیے رکن ممالک سے باہمی اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی اپیل کی۔

یہاں برکس بزنس فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر جے شنکر نے کہا کہ یہ اجلاس ایسے وقت میں ہورہا ہے جب ایک طرف جغرافیائی سیاسی کشیدگی بڑھ رہی ہے، وبائی امراض اور موسمیاتی بحران اقتصادی ترقی کے لیے چیلنج بن رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب ڈیجیٹل اور تکنیکی ترقی نئے مواقع پیدا کررہی ہے۔ انہوں نے رکن ممالک سے تجارتی انضمام کو مزید مضبوط بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط اقتصادی تعلقات بکھرتے ہوئے عالمی نظام کے خلاف حفاظتی حصار کا کام کرسکتے ہیں۔انہوں نے مضبوط اقتصادی تعلقات کو بکھرتے ہوئے عالمی نظام کے خلاف تحفظ کا ذریعہ قرار دیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ خاص طور پر برکس کے لیے اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ اور زیادہ اقتصادی تحفظ کا مطلب زیادہ خود انحصاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن ممالک کو اس بات پر توجہ دینی چاہیے کہ کاروباری اداروں کے لیے شراکت دار تلاش کرنا، نئی منڈیوں میں داخل ہونا اور سپلائی نیٹ ورک سے جڑنا آسان ہو۔ اس کے لیے قابل اعتماد لاجسٹکس، مستحکم کاروباری ماحول، شفاف تجارت و سرمایہ کاری اور متنوع تجارتی تعلقات ضروری ہیں۔

توانائی کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مسٹر جے شنکر نے کہا کہ برکس ممالک کو ایسے توانائی نظام کی ضرورت ہے جو مغربی ایشیا کے بحران جیسے حالات میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کا مقابلہ کرسکیں اور ساتھ ہی ہر ملک کے قومی حالات کے مطابق تبدیلی کے راستے پر آگے بڑھنے میں مدد دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی برکس صدارت نے ’’مضبوطی، اختراع، تعاون اور استحکام کے لیے تعمیر‘‘ کے موضوع کے تحت تعاون کو آگے بڑھانے کی کوشش کی ہے۔ موجودہ عالمی ماحول میں یہ ترجیحات خاص طور پر اہم ہیں۔

 

Ads