تیران، 10 ستمبر (مسرت ڈا ت کام) ایران نے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز میں مغربی ممالک کی جانب سے پیش کی گئی ایران مخالف قرارداد کی منظوری کو سیاسی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوشش کہیں کامیاب نہیں ہوگی۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی اور وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز میں مغربی ممالک کی جانب سے ایران مخالف قرارداد کی منظوری پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔
کاظم غریب آبادی نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کے باعث معمول کے تصدیقی عمل میں خلل پیدا ہوا، لیکن اسی خلل کو ایران کے خلاف قرارداد منظور کرانے کے لیے بہانے کے طور پر استعمال کیا گیا۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے مغربی ممالک کی جانب سے تیار کردہ ایران مخالف قرارداد کی منظوری کو ایک سیاسی محرک پر مبنی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوشش کہیں کامیاب نہیں ہوگی۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران کے جوہری معاملے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھیجنے کے سیاسی فیصلے کو متضاد اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے جوہری معاملے کو سلامتی کونسل میں بھیجنے کا فیصلہ بالکل غیر متعلق ہے، کیونکہ ایران نے کسی بھی معاملے میں عدم تعمیل نہیں کی۔
