Masarrat
Masarrat Urdu

چار پانچ سال میں دنیا کا سب سے بڑا پبلشنگ بازار بن جائے گا ہندوستان : سنجے کمار

Thumb

نئی دہلی، 04 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) ہندوستان میں دنیا کا سب سے بڑا پبلشنگ بازار بننے کی صلاحیت ہے اور ملک کا کتابوں کی اشاعت کا بازار مالیاتی سال 2030-31 تک دو لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ سکتا ہے۔

سابق سکریٹری تعلیم سنجے کمار کا کہنا ہے کہ ہندوستان چین اور امریکہ کے بعد دنیا کی تیسری سب سے بڑی پبلشنگ انڈسٹری ہے اور اس میں دنیا کا سب سے بڑا پبلشنگ بازار بننے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے پبلشنگ انڈسٹری کو علم پر مبنی معیشت، انسانی رابطہ اور جدت طرازی کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے ہندوستان کو 'میک ان انڈیا' کے جذبے کے مطابق دنیا کا پرنٹنگ ہب بنانے کی سمت میں کوششیں کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ بازار کو باضابطہ شکل دینے اور ثبوت پر مبنی فیصلے لینے میں مدد کرے گی۔

نیشنل بک ٹرسٹ، انڈیا کے ڈائریکٹر یوراج ملک نے کہا کہ ہندوستان کی پبلشنگ انڈسٹری اہم تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے۔ قارئین اور سیکھنے والوں کا ملک کاوسیع بیس، لسانی تنوع اور بڑھتی ہوئی تکنیکی صلاحیتیں ہندوستان کو عالمی علم کی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت فراہم کرتی ہیں۔ فیڈریشن آف انڈین پبلشرز اور نیلسن آئی کیو بک ڈیٹا کی جانب سے جاری کردہ 'انڈیا بک مارکیٹ رپورٹ 2026-2030' میں ہندوستان کے پبلشنگ شعبے کے سائز، ساخت اور ترقی کے ساتھ پرنٹ، ڈیجیٹل، تعلیمی، تحقیقی اور ہندوستانی زبانوں کی اشاعت کے مستقبل کا جائزہ لیا گیا ہے۔ رپورٹ تعلیم، زبانوں، ٹیکنالوجی، حقوق، رسائی اور پالیسی سمیت ان مختلف عوامل کا مطالعہ کرتی ہے، جو اس تبدیلی کو شکل دے رہے ہیں۔

رپورٹ میں پبلشنگ کے شعبے میں ترقی، جدت اور سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے مواقع کے ساتھ کاپی رائٹ کے تحفظ، تخلیق کاروں کے حقوق اور ذمہ دارانہ تکنیکی استعمال کی اہمیت کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس میں ہندوستان کے عالمی تعلیمی پبلشنگ کے شعبے میں بڑا کردار ادا کرنے کی صلاحیت کے ساتھ تحقیق کے معیار و صداقت اور پائیدار کاروباری ماڈل کو بھی ضروری بتایا گیا ہے۔ رپورٹ کا قومی سطح پر اجراء تین ستمبر کو نئی دہلی میں کیا گیا۔

Ads