تہران، 31 اگست (مسرت ڈاٹ کام) سپاہ پاسداران کے مطابق ملک حسین اور الازرق فضائی اڈوں میں فنی و مرمتی تنصیبات اور جنگی طیاروں کے ٹھکانوں کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران نے اعلان کیا ہے کہ اس کی فضائی و خلائی فورس نے اردن میں موجود دو امریکی فضائی اڈوں ملک حسین اور الازرق کو مشترکہ میزائل اور ڈرون کارروائی میں نشانہ بنایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبۂ تعلقات عامہ نے اپنے دوسرے بیان میں کہا کہ ایرانی عوام کی مسلسل 183 شبانہ روز مزاحمت نے دشمن کو حیرت و اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے اور یہ مزاحمت مستضعفین کے لیے امید اور اسلامی مجاہدین کے لیے باعث تقویت ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سپاہ پاسداران کی فضائی و خلائی فورس کے بہادر اہلکاروں نے جزیرہ لارک پر امریکی و صہیونی دشمن کی فضائی جارحیت کے جواب میں کارروائی کے تحت ایک مشترکہ میزائل اور ڈرون آپریشن کیا۔
سپاہ پاسداران کے مطابق اس کارروائی میں «یا محمد ابن عبداللہ ﷺ» کے کوڈ نام سے اردن میں واقع دونوں امریکی فضائی اڈوں کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ حملوں میں ان اڈوں کی فنی و مرمتی تنصیبات اور جنگی طیاروں کے قیام کے مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچا۔
سپاہ پاسداران نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ جارحیت اور جرائم کے ذریعے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز پر اپنے کنٹرول کو برقرار رکھنے کی صلاحیت کو کمزور کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دشمن کی جانب سے کی جانے والی ہر فائرنگ کا جواب اس سے زیادہ شدید اور فیصلہ کن کارروائی کے ذریعے دیا جائے گا۔
