Masarrat
Masarrat Urdu

مودی کھرگے کے اسٹیج کے 'شدھی کرن' کے قصورواروں پر کارروائی یقینی بنائیں: پرینکا

Thumb

نئی دہلی، 30 اگست (مسرت ڈاٹ کام) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے وزیراعظم نریندر مودی سے اتراکھنڈ میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی ریلی کے بعد ان کے اسٹیج کے مبینہ 'شُدھی کرن' کے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آئی آر درج کرانے اور درج فہرست ذات و درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ کے تحت کارروائی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

محترمہ واڈرا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اتوار کے روز لکھا کہ ہلدوانی میں مسٹر کھرگے کی ریلی کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی-راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے لوگوں نے ان کے اسٹیج کا 'شدھی کرن' کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف انتہائی قابلِ مذمت اور شرمناک سوچ کی علامت ہے، بلکہ آئین اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کی شدید خلاف ورزی اور قانونی جرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے کو 20 دن گزر چکے ہیں، لیکن وزیراعظم اور ان کی حکومت کی جانب سے اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ مسٹرمودی کو بتانا چاہیے کہ اس کی وجہ کیا ہے۔

محترمہ واڈرا نے کہا کہ اگر وزیراعظم واقعی آئین کا احترام کرتے ہیں تو اتراکھنڈ میں اس جرم کو انجام دینے والے لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائیں اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت کارروائی یقینی بنائیں۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کی ہفتے کے روز اس معاملے پر یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس کی ایک ویڈیو بھی 'ایکس' پر پوسٹ کی ہے۔

 

Ads