Masarrat
Masarrat Urdu

ہندوستان کاپر کے شیئر میں او ایف ایس کے دن سات فیصد کی گراوٹ

Thumb

نئی دہلی، 25 اگست (مسرت ڈاٹ کام) تانبے کی پیداوار کرنے والی سرکاری شعبے کی کمپنی ہندوستان کاپر کے شیئر میں منگل کو ’آفر فار سیل‘ (او ایف ایس) کے دن ابتدائی تین گھنٹوں کے دوران ہی سات فیصد کی گراوٹ آگئی۔

مرکزی حکومت کمپنی میں اپنی تین فیصد حصے داری فروخت کرنے کے لیے او ایف ایس لے کر آئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی گرین شو آپشن کے تحت مزید تین فیصد حصے داری فروخت کرنے کا اختیار بھی رکھا گیا ہے۔

غیر خوردہ سرمایہ کاروں کے لیے او ایف ایس آج 25 اگست کو کھلا۔ کھلنے کے بعد پہلے تین گھنٹوں میں ہی کمپنی کے شیئر میں سات فیصد کی گراوٹ آگئی۔ خبر لکھے جانے کے وقت شیئر 43.45 روپے یعنی 7.58 فیصد کی کمی کے ساتھ 530.10 روپے پر تھا۔ گزشتہ کاروباری روز یہ 573.55 روپے پر بند ہوا تھا۔

حکومت نے او ایف ایس کے لیے فی شیئر کم از کم بولی کی قیمت 514 روپے مقرر کی ہے۔ خوردہ سرمایہ کار بدھ کو بولی لگا سکیں گے۔ ان کے لیے 10 فیصد شیئر مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کمپنی کے اہل ملازمین کے لیے 25 ہزار اضافی شیئر بھی مختص کیے گئے ہیں۔

ہندوستان کاپر میں حکومت کی موجودہ حصے داری 66.14 فیصد ہے۔ حکومت او ایف ایس کے تحت 2,90,10,721 شیئر فروخت کر رہی ہے اور اتنی ہی تعداد کے شیئرز کے لیے گرین شو آپشن رکھا گیا ہے، جس کا استعمال زیادہ بولیاں موصول ہونے کی صورت میں کیا جاسکتا ہے۔

خبر لکھے جانے تک 92,17,952 شیئرز، یعنی 35.30 فیصد حصے کے لیے بولیاں موصول ہوچکی تھیں۔

 

Ads