Masarrat
Masarrat Urdu

ٹیسٹ کرکٹ کے لیے سوریہ ونشی جیسے کھلاڑیوں کا تینوں فارمیٹس میں کھیلنا ضروری: دراوڑ

Thumb

نئی دہلی، 22 اگست (مسرت ڈاٹ کام) سابق ہندوستانی کپتان راہل دراوڑ کا کہنا ہے کہ 15 سالہ ویبھو سورینشی کے کرکٹ کیریئر میں مناسب توازن برقرار رکھنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق نوجوان کھلاڑی کو وائٹ بال کرکٹ میں تجربہ حاصل کرنے کے مواقع ملنے چاہئیں، لیکن ریڈ بال کرکٹ کو بھی نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔

ڈبلن میں ایک پروگرام کے دوران دراوڑ نے کہا کہ سورینشی کو آئی پی ایل کے ذریعے وائٹ بال کرکٹ کھیلنے کا تجربہ مل رہا ہے، جو اچھی بات ہے، لیکن اس کے ساتھ اسے گھریلو کرکٹ میں واپس جاکر ریڈ بال کرکٹ کھیلنے اور اس فارمیٹ میں اپنے کیریئر کو آگے بڑھانے کا وقت بھی ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سب چاہتے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ زندہ رہے اور آگے بڑھے، جس کے لیے سورینشی جیسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو مستقبل میں کھیل کے تمام فارمیٹس میں ہندوستان کی نمائندگی کرسکیں۔

سورینشی نے اب تک صرف آٹھ فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں، جن میں ان کی اوسط 17.25 رہی ہے۔ ریڈ بال کرکٹ میں انہیں مسلسل کھیلنے کے زیادہ مواقع نہیں مل سکے، کیونکہ وہ ہندوستان کی انڈر 19 ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش بھی کررہے تھے۔ دراوڑ کے مطابق دلیپ ٹرافی ان کے لیے ایک اہم موقع ہوسکتی ہے، جہاں انہیں مسلسل ریڈ بال میچ کھیلنے کا تجربہ ملے گا۔

اس کے بعد ستمبر میں آسٹریلیا اے کے خلاف انڈیا اے کی میزبانی میں ہونے والے دو غیر تسلیم شدہ ٹیسٹ میچ بھی سوریہ ونشی کو مزید مواقع فراہم کرسکتے ہیں۔ دراوڑ نے انہیں صبر کے ساتھ وقت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی صرف 15 سال کے ہیں اور ان کے کیریئر میں اچھے اور برے دونوں دور آسکتے ہیں۔

دراوڑ نے کہا کہ اگر سوریہ ونشی دنیا بھر کی ٹی20 لیگ کھیلنے کے بجائے ہندوستانی گھریلو ریڈ بال کرکٹ پر توجہ دے رہے ہیں تو یہ اچھی بات ہے۔ انہیں امید ہے کہ اگر نوجوان بلے باز ریڈ بال کرکٹ میں بھی وائٹ بال جیسی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے تو ایک دن ہندوستان کی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔

 

Ads