Masarrat
Masarrat Urdu

مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑی، حکومت نے تہواروں سے پہلے چینی کی مٹھاس میں کڑواہٹ گھولی: کانگریس

Thumb

نئی دہلی، 22 اگست (مسرت ڈاٹ کام) کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے اور متوسط طبقے کا گھریلو بجٹ پوری طرح بگڑ گیا ہے۔

پارٹی نے ہفتہ کے روز یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ صابن، ڈیٹرجنٹ، ٹوتھ پیسٹ اور بسکٹ جیسی روزمرہ کی اشیاء سے لے کر آٹا، چاول، مصالحے، خوردنی تیل اور چینی جیسی ضروری اشیاء کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ پارٹی کے مطابق، گزشتہ ایک مہینے میں آٹے کی قیمت 32 سے بڑھ کر 40 روپے نیز چاول کی 42 سے 54 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ زیرے کی قیمت 180 سے 380 روپے، ہلدی کی 130 سے 260 روپے، سرسوں کے تیل کی 165 سے 200 روپے، مونگ پھلی کے تیل کی 170 سے 230 روپے اور ریفائنڈ تیل کی 130 سے 190 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے۔ چینی بھی دو مہینوں میں تقریباً 40 فیصد تک مہنگی ہوئی ہے۔

کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے سوشل میڈیا 'ایکس' پر کہا کہ دنیا کے بڑے چینی پیداکار اور برآمد کنندہ ہندستان میں چینی کا ذخیرہ نو سال کی سب سے نچلی سطح پر کیوں ہے اور صورتحال چینی کی برآمد روکنے نیز 10 لاکھ ٹن چینی ڈیوٹی فری درآمد کرنے تک کیوں پہنچی؟ انہوں نے کہا کہ تین مہینے میں چینی تقریباً 40 فیصد مہنگی ہو گئی ہے۔ تہواروں سے پہلے عوام پر پڑی اس مہنگائی کی مار کا ذمہ دار کون ہے؟ انہوں نے سوال کیا کہ جب ملک میں چینی کی کمی ہے اور حکومت بیرونِ ملک سے چینی منگوا رہی ہے تو گنے اور اناج کو ای-20 کے لیے ایتھنول بنانے میں استعمال کرنے کی پالیسی کا جائزہ کیوں نہیں لیا جا رہا ہے؟

پارٹی کے شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ صابن سے گاڑیوں تک، مصالحوں سے آٹا، چاول، چینی اور تیل تک مہنگائی کا اثر دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عام لوگ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور حکومت بڑھتی مہنگائی کو قابو میں کرنے کے لیے کوئی موثر قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔

 

Ads