وزارتِ مواصلات کی جانب سے پیر کے روز جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق، اس خدمت کو قطر پوسٹ، انڈیا پوسٹ، یونیورسل پوسٹل یونین کے انٹر کنکشن پلیٹ فارم (یوپی یو ۔آئی پی) اور این پی سی آئی انٹرنیشنل لمیٹڈ (این آئی پی ایل ) کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ اس پہل میں قطر کے ڈاک نیٹ ورک کی وسیع رسائی کو ہندوستان کے ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔
اس خدمت کا افتتاح 15 اگست کو ہندوستان کے یومِ آزادی کے موقع پر دوحہ کے لولو مال میں وہاں کے محکمہ ڈاک قطر پوسٹ کے ایک سروس سینٹر پر کیا گیا، جہاں ہندوستانی سفارت خانے کے ناظم الامور مسٹر سندیپ کمار نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کی۔
اس سہولت کا فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین قطر میں وہاں کے محکمہ ڈاک کے کسی بھی سینٹر پر جا کر ہندوستان میں رقم حاصل کرنے والے شخص کی یو پی آئی آئی ڈی اور شناخت سے متعلق دیگر ضروری معلومات فراہم کر کے رقم بھیج سکتے ہیں۔ ہندوستان میں رقم حاصل کرنے والے کو اپنی یو پی آئی ایپ پر غیر ملکی رقم حاصل کرنے کی سہولت کو فعال (ایکٹیو) کرنا ہوگا اور اس سے قطر سے بھیجی گئی رقم اس کے یو پی آئی سے جڑے بینک کھاتے میں فوری طور پر جمع ہو جائے گی۔
اس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ 4,000 قطری ریال (زیادہ سے زیادہ 1,00,000 روپے) تک بھیجے جا سکتے ہیں۔ اس پر فی ٹرانزیکشن 15 قطری ریال کی فیس لاگو ہوگی۔
وزارت نے کہا ہے کہ یہ خدمت قطر میں مقیم بڑی ہندوستانی برادری کے لیے خاص طور پر انتہائی اہم ہے۔
