Masarrat
Masarrat Urdu

امریکہ نے سفارت کاری کے بجائے پابندیوں کو اپنا ہتھیار بنا لیا، بقائی

  • 11 Aug 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 11 اگست (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ واشنگٹن جب سفارت کاری کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہتا ہے تو ایران پر نئی پابندیاں عائد کرتا ہے، تاہم دباؤ اور اقتصادی محاصرے سے ایران کو جھکایا نہیں جاسکتا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی وزیرِ خزانہ کے ایران کو اقتصادی پابندیوں کے ذریعے گلا گھونٹنے سے متعلق بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکی وزیر خزانہ نے اقتصادی پابندیوں کے زریعے ایران کا گلا گھونٹنے کی کوشش پر فخر کا اظہار کیا ہے، جو نہ صرف افسوس ناک بلکہ امریکی حکمرانی کے نظام میں پابندیوں کی شدید عادت کی واضح علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن جب بھی خود کو سفارت کاری کے ذریعے اپنے مقاصد آگے بڑھانے سے عاجز پاتا ہے تو پابندیوں کا سہارا لیتا ہے، اور جب یہ پابندیاں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرتیں تو ان کی شدت میں مزید اضافہ کر دیتا ہے۔

ایرانی ترجمان کے مطابق، یہ اب سیاست نہیں بلکہ ایک عادت بن چکی ہے، اور اس سے بھی زیادہ خطرناک بات یہ ہے کہ یہ ایسی لت ہے جس نے سوچ بچار اور عقلی فیصلوں کی جگہ لے لی ہے۔

بقائی نے مزید کہا کہ ایران نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران ثابت کیا ہے کہ فرسودہ دھمکیوں، سخت بیانات اور غیر انسانی دباؤ کے ذریعے اسے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اصل خطرہ یہ ہے کہ امریکی سیاست دان پابندیوں کی اس بیماری میں خود کو اس حد تک الجھا لیں کہ جس بحران کو انہوں نے خود پیدا کیا ہے، اس سے نسبتا کم ذلت آمیز طریقے سے نکلنے کے اپنے آخری مواقع بھی ضائع کردیں۔

Ads