Masarrat
Masarrat Urdu

شیخ حسینہ کے پروگرام میں حکومت کا کوئی کردار نہیں، بیان کردہ خیالات کی حمایت نہیں کرتا ہندستان

Thumb

نئی دہلی، 07 اگست (مسرت ڈاٹ کام) ہندستان نے اعادہ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کی جلاوطن رہنما محترمہ شیخ حسینہ کے یہاں منعقدہ پروگرام میں حکومت کا کسی قسم کا کوئی کردار نہیں ہے اور ہندستان بنگلہ دیش کی حکومت کے بارے میں اس پروگرام میں بیان کردہ خیالات کی حمایت نہیں کرتا۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کے روز میڈیا بریفنگ میں اس سلسلے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ہندستان نے اس پروگرام کے انعقاد سے پہلے ہی اپنا موقف واضح کر دیا تھا کہ یہ ایک نجی میڈیا ادارے کا پروگرام ہے اور اس سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا، " ہندستان نے اس بارے میں اپنا موقف اس پروگرام کے انعقاد سے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ اس میں حکومتِ ہند کا کوئی کردار نہیں ہے اور وہ اس میں کہی جانے والی، بالخصوص بنگلہ دیش کی حکومت کے بارے میں کہی گئی کسی بھی بات کی حمایت نہیں کرتی۔ یہ پروگرام ایک نجی میڈیا ادارے نے منعقد کیا تھا۔"

قابلِ ذکر ہے کہ محترمہ حسینہ کے پروگرام کے بعد بنگلہ دیش نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کی خودمختاری کی توہین قرار دیا ہے۔ ہندستان میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی محترمہ حسینہ نے یہاں فارن کورسپانڈنٹس کلب کے ایک پروگرام میں بنگلہ دیش حکومت، انہیں اقتدار سے برطرف کیے جانے سے متعلق واقعات اور بنگلہ دیش کے موجودہ حالات کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔

 

Ads