تہران، 31 مئی (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی مسلح افواج نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی مکمل نگرانی اور انتظام ایرانی مسلح افواج کے اختیار میں ہے اور تمام جہازوں کو سپاہ پاسداران کی بحریہ سے پیشگی اجازت حاصل کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی مکمل نگرانی اور انتظام ایرانی مسلح افواج کے اختیار میں ہے، جبکہ تمام تجارتی اور تیل بردار جہازوں کو مقررہ راستوں پر چلنے اور سپاہ پاسداران کی بحریہ سے پیشگی اجازت حاصل کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خاتم الانبیاء سینٹرل ڈیفنس ہیڈکوارٹر نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کا انتظام اور نگرانی ایرانی مسلح افواج کی جانب سے مکمل اقتدار اور نظم و ضبط کے ساتھ انجام دی جا رہی ہے۔
بیان کے مطابق تمام تجارتی جہازوں، بحری جہازوں اور تیل بردار ٹینکروں کو صرف مقررہ بحری راستوں سے گزرنے اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ سے ضروری اجازت نامہ حاصل کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ان ضوابط کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی سے متعلقہ جہازوں کی آمد و رفت اور سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ اگر کوئی غیر ملکی جنگی بحری جہاز آبنائے ہرمز کے انتظام میں مداخلت کرنے یا بحری آمد و رفت میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرے گا تو اسے ایرانی مسلح افواج کی جانب سے براہِ راست ہدف بنایا جا سکتا ہے۔
خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز میں نظم و سلامتی برقرار رکھنے کے لیے مقررہ قوانین پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے۔
