Masarrat
Masarrat Urdu

سی یو ای ٹی (یو جی) 2026: تکنیکی خرابی کے باعث بعض مراکز پر امتحان میں تاخیر

Thumb

نئی دہلی، 30 مئی (مسرت ڈاٹ کام) نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے کہا ہے کہ کامن یونیورسٹی انٹرنس ٹیسٹ (سی یو ای ٹی-یو جی) 2026 کے دوران آج بعض امتحانی مراکز پر تکنیکی خرابی کے باعث امتحان کے آغاز میں تاخیر ہوئی۔

این ٹی اے کے مطابق امتحان کے انعقاد سے وابستہ کمپنی ٹی سی ایس نے اپنی سطح پر آئی تکنیکی خرابی کی اطلاع دی تھی۔

این ٹی اے نے آج سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ مسئلے کو حل کر لیا گیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کسی بھی امیدوار کو نقصان نہ پہنچے۔ اسی لیے متاثرہ مراکز پر امیدواروں کو سوالات حل کرنے کے لیے مکمل مقررہ وقت فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے دوپہر کے سیشن کے لیے نظرِ ثانی شدہ شیڈول بھی جاری کیا ہے۔ نئے پروگرام کے مطابق امیدواروں کی رپورٹنگ اور داخلے کا عمل دوپہر 2:30 بجے سے شروع ہوگا، جبکہ امتحان اب شام 4:00 بجے شروع ہوگا۔ اس سے قبل امتحان کا وقت شام 3:00 بجے مقرر تھا۔

این ٹی اے نے واضح کیا کہ صبح کے سیشن کے امیدواروں کو بھی امتحان کی مکمل وقت فراہم کیا گیا ہے اور انہیں مقررہ وقت مکمل ہونے کے بعد ہی امتحانی مرکز سے باہر جانے کی اجازت دی جائے گی۔

قومی امتحانی ایجنسی نے طلبہ اور والدین کو پیش آنے والی دشواری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امتحان کی شفافیت اور امیدواروں کے مفادات کا تحفظ اس کی اولین ترجیح ہے۔

این ٹی اے نے کہا کہ کسی بھی مدد یا معلومات کے لیے امیدوار ہیلپ لائن نمبر 91-11-40759000 پر رابطہ کر سکتے ہیں یا cuet-ug@nta.ac.in پر ای میل بھیج سکتے ہیں۔ سی یو ای ٹی (یو جی) سے متعلق تازہ ترین معلومات سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

 

Ads