Masarrat
Masarrat Urdu

افزودہ یورینیم حوالے کرنے پر بھی پابندیاں ختم نہیں ہوں گی، ٹرمپ گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے لگے

  • 28 May 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

واشنگٹن، 28 مئی (مسرت ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران اعلیٰ درجے کی افزودہ یورینیم سے دستبردار بھی ہو جائے تب بھی واشنگٹن تہران پر عائد پابندیاں ختم نہیں کرے گا۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران اگر اپنے اعلی درجے کے افزودہ یورینیم پروگرام کو ختم کر دے تب بھی امریکہ اس کے خلاف عائد پابندیوں میں نرمی نہیں کرے گا۔

ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر ایران کے خلاف دھمکی آمیز لہجہ اپناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تہران معاہدہ چاہتا ہے اور امریکہ یا تو اس کے ساتھ معاہدہ کرے گا یا پھر مشن مکمل کر دے گا۔

ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ اب تک ایران کے حوالے سے کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پایا اور وہ اس صورتحال سے مطمئن نہیں ہیں۔ ایران کے پاس معاہدے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں۔

دوسری جانب بین الاقوامی امور کے ماہرین اور امریکی سیاست دانوں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے یہ بیانات ایران کے مقابلے میں امریکہ کی مسلسل ناکامیوں اور جنگی محاذ پر درپیش مشکلات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔ ان حالات نے نہ صرف امریکہ کی عسکری ساکھ کو نقصان پہنچایا بلکہ اس کے اتحادی بھی واشنگٹن کی پالیسیوں سے مایوس ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران متعدد بار اعلان کرچکا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف پرامن مقاصد کے لیے ہے اور وہ ایٹمی ہتھیار بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا، تاہم ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

Ads