اطلاعات کے مطابق آج صبح تقریباً چھ بجے پرتیک یادو کو لکھنؤ کے سول اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ فی الحال موت کی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے۔ ان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے اور رپورٹ آنے کے بعد ہی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔ پرتیک یادو، ملائم سنگھ یادو کی دوسری اہلیہ سادھنا گپتا کے بیٹے تھے۔
پرتیک یادو نے برطانیہ کی یونیورسٹی آف لیڈز سے تعلیم حاصل کی تھی۔ ملک کے بڑے سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے کے باوجود وہ سیاست سے دور رہے۔ وہ ریئل اسٹیٹ اور فٹنس کے کاروبار سے وابستہ تھے اور لکھنؤ میں “دی فٹنس پلینیٹ” نامی جم کے مالک تھے۔
پرتیک یادو کی شادی اپرنا یادو سے ہوئی تھی، جو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سرگرم رہنما ہیں اور اس وقت اترپردیش ویمن کمیشن کی نائب صدر کے عہدے پر فائز ہیں۔
پرتیک یادو کے انتقال سے یادو خاندان اور ان کے قریبی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
