Masarrat
Masarrat Urdu

فٹ بال ورلڈ کپ 2026: فیفا کا ایرانی حکام کو مذاکرات کے لیے زیورخ مدعو کرنے کا فیصلہ

Thumb

پیرس، 5 مئی (مسرت ڈاٹ کام)فٹ بال کی عالمی تنظیم 'فیفا' نے ایران کی فٹ بال فیڈریشن کو اپنے ہیڈ کوارٹر زیورخ میں اہم مذاکرات کے لیے مدعو کیا ہے۔ یہ دعوت نامہ مشرق وسطیٰ کی جنگ اور ایران کی ورلڈ کپ میں شرکت پر اٹھنے والے سوالات کے تناظر میں جاری کیا گیا ہے۔

فیفا کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق ایرانی وفد کو 20 مئی تک زیورخ پہنچنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ ورلڈ کپ کی تیاریوں اور شرکت سے متعلق حتمی بات چیت کی جا سکے۔ یاد رہے کہ 2026 کا ورلڈ کپ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں 11 جون سے 19 جولائی تک کھیلا جانا ہے۔

فروری میں اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں شروع ہونے والی کشیدگی نے ایران کی ٹورنامنٹ میں شرکت پر غیر یقینی کے بادل منڈلا دیے تھے۔ تاہم، فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے گزشتہ ہفتے وینکوور میں فیفا کانگریس کے دوران واضح کیا کہ"ایران ورلڈ کپ 2026 میں بھرپور شرکت کرے گا اور شیڈول کے مطابق امریکہ میں اپنے میچ کھیلے گا۔

وینکوور میں ہونے والی فیفا کانگریس میں ایرانی وفد واحد غیر حاضر رکن تھا، جس کی وجہ کینیڈین حکام کے ساتھ ہونے والی تلخ کلامی بتائی جاتی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق، فیڈریشن کے صدر مہدی تاج اور ان کے ساتھیوں کو کینیڈین امیگریشن افسران کے رویے کے باعث واپس تہران لوٹنا پڑا تھا۔ کینیڈا نے 2024 میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا، جس کی وجہ سے اس تنظیم سے وابستہ افراد کے داخلے پر پابندی ہے۔ایران کو گروپ 'G' میں نیوزی لینڈ، بیلجیم اور مصر کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ایرانی ٹیم کا بیس کیمپ ٹوسان، ایریزونا (امریکہ) میں ہوگا۔ ایران 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔ایران کی فٹ بال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے وطن واپسی پر کہا ہے کہ وہ فیفا کے ساتھ ملاقات میں ان تمام تر رکاوٹوں اور دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو کرنا چاہتے ہیں۔

 

Ads