منگل کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتخابی نتائج آنے کے ایک دن بعد، ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن اور مرکزی حکومت نے ترنمول کانگریس کو زبردستی ہرایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ “ہم ہارے نہیں ہیں، ہمیں ہرایا گیا ہے۔”
انہوں نے مزید کہاکہ “اس الیکشن میں الیکشن کمیشن نے ایک ‘ولن’ کا کردار ادا کیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے غلط طریقے سے الیکشن جیتا ہے۔ اخلاقی طور پر ہماری جیت ہوئی ہے۔”
ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ انہیں اور ان کے پولنگ ایجنٹس کو ووٹنگ مراکز سے زبردستی باہر نکالا گیا اور ان کے ساتھ دھکا مکی بھی کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ لوک بھون جا کر وزیرِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیں گی۔
ترنمول سربراہ نے کہا کہ وہ انڈیا اتحاد کے ساتھ برقرار رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی اور راہل گاندھی، سماج وادی پارٹی کے لیڈر اکھلیش یادو سمیت کئی دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے ان سے فون پر بات کی اور ترنمول کانگریس کی حمایت کا یقین دلایا۔
