Masarrat
Masarrat Urdu

ریلائنس ریٹیل نے پرینکا چوپڑا کے برانڈ اینوملی کا حصول کر لیا

Thumb

نئی دہلی، 30 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) ریلائنس ریٹیل لمیٹڈ نے اداکارہ پرینکا چوپڑا جوناس کے ہیئر کیئر برانڈ اینوملی کا حصول کر لیا ہے۔

ریلائنس ریٹیل نے جمعرات کو جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ اس معاہدے میں برانڈ کے ٹریڈ مارک، اس سے متعلقہ اثاثے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز بھی شامل ہیں۔

اینوملی کی شروعات 2021 میں ہوئی تھی۔ یہ ایک صاف، ویگن اور اعلیٰ معیار کا ہیئر کیئر برانڈ ہے جو مناسب قیمت پر دستیاب ہے اور پہلے ہی کئی بڑے ممالک میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

اس حصول کے بعد ریلائنس ریٹیل کو اس برانڈ پر مکمل اختیار حاصل ہوگا۔ کمپنی کے مطابق وہ اپنے وسیع ریٹیل نیٹ ورک اور آن لائن پلیٹ فارم، جیسے “ٹیرا”، کے ذریعے اینوملی کو تیزی سے آگے بڑھائے گی۔ اس کا مقصد بیوٹی اور پرسنل کیئر کے شعبے میں اپنی موجودگی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

ریلائنس ریٹیل وینچرز کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایشا امبانی نے کہا کہ اینوملی کو کمپنی کے پورٹ فولیو میں شامل کرنا نئے دور کے بیوٹی برانڈز کی توسیع کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ اس کی مضبوط عالمی شناخت، صاف فارمولیشن اور مناسب قیمت اسے منفرد بناتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پرینکا کے ساتھ مل کر کمپنی اس برانڈ کو ملک اور بیرونِ ملک تیزی سے وسعت دے گی۔

گھریلو مارکیٹ پر توجہ دیتے ہوئے ہندوستانی بالوں اور سروں کے مطابق نئے مصنوعات تیار کیے جائیں گے، جبکہ امریکہ، برطانیہ اور مغربی ایشیا جیسے بازاروں میں بھی اس برانڈ کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

پرینکا چوپڑا جوناس اس برانڈ میں بطور کری ایٹو ڈائریکٹر کام جاری رکھیں گی اور نئی مصنوعات اور خیالات پر کام کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ“یہ اینوملی کے لیے ایک اہم لمحہ ہے۔ ایک ذاتی سفر کے طور پر شروع ہونے والا یہ برانڈ اب ایک بامقصد اور عالمی سطح پر بلند عزائم رکھنے والا برانڈ بن چکا ہے۔ ریلائنس ریٹیل کا یہ حصول ایک نئے اور دلچسپ باب کی شروعات ہے۔ ان کا وسیع نیٹ ورک اور ریٹیل تجربہ ہمیں ملک اور دنیا بھر میں مزید صارفین تک پہنچنے میں مدد دے گا۔”

 

Ads