Masarrat
Masarrat Urdu

' حزب اللہ نے تباہ کر دیا، کوئی ہمارا ساتھ دینے والا نہیں': شمالی اسرائیل کا میئر لائیو انٹرویو میں رو پڑا

  • 27 Mar 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تل ابیب/حیفا،27 مارچ (مسرت ڈاٹ کام )لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے حملوں نے شمالی اسرائیل میں نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے، جس کے بعد مقامی حکام کا صبر جواب دے گیا۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں شمالی اسرائیل کے ایک شہر کے میئر کو لائیو انٹرویو کے دوران اپنی بے بسی پر روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔مارگالیوت کے میئر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انتہائی رقت آمیز لہجے میں کہا"حزب اللہ کے حملوں نے ہر چیز ملیا میٹ کر دی ہے۔ شہر میں بڑے پیمانے پر تباہی ہو چکی ہے اور افسوسناک بات یہ ہے کہ اس مشکل گھڑی میں کوئی بھی ملک اسرائیل کی حمایت کے لیے تیار نظر نہیں آتا۔"

انہوں نے نیتن یاہو حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے ریاست نے اپنی سکیورٹی لبنان کے حوالے کر دی ہو اور مقامی آبادی کو مکمل طور پر تنہا چھوڑ دیا گیا ہے۔

کیرت شمونہ کے میئر نے بھی سنگین صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ان کا شہر تیزی سے بھوت بنگلے میں تبدیل ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق شہر کی دو تہائی آبادی اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکی ہے۔

اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو بقیہ لوگ بھی نقل مکانی پر مجبور ہو جائیں گے، جس سے شمالی سرحد پر اسرائیلی کنٹرول علامتی رہ جائے گا۔ماہرینِ سیاسیات کا کہنا ہے کہ شمالی اسرائیل میں پیدا ہونے والی یہ بے چینی صرف جذباتی نہیں بلکہ ایک بڑے سیاسی بحران کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔ مقامی کونسل کے سربراہان کا متفقہ طور پر کہنا ہے کہ حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے محض بلند بانگ دعوے کر رہی ہے، جبکہ زمینی حقیقت اس کے برعکس ہے۔

 

Ads