نئی دہلی/ دوحہ،5اکتوبر (مسرت نیوز) عالمی سطح پر کام کرنے والی معروف ادبی انجمن بزم صدف انٹرنیشنل نے اپنی تنظیم کی خواتین شاخ ’بزمِ صدف انٹرنیشنل لٹریری فورم آف وومن‘نام سے قائم کی ہے۔تاکہ دنیا کے مختلف ملکوں میں پھیلی ہوئیں اردو کی شاعرات اور نثر نگاروں کو باہم مربوط کیا جاسکے۔
بزم صدف انٹرنیشنل کے چیرمین شہاب الدین احمد نے بتایا کہ دنیا بھر کی لکھنے والیوں سے صلاح و مشورے کے بعد ایک عالمی مجلسِ عاملہ کی تشکیل کی گئی ہے۔اس میں بہ حیثیتِ صدر ممتاز شاعرہ اور کنیڈا میں مقیم محترمہ شاہدہ حسن، ناظمِ اعلی کے طور پر ڈاکٹر افشاں بانو اپنی خدمات پیش کریں گی۔ جب کہ ادارے کی نائب صدر مشہور شاعرہ امریکہ میں مقیم محترمہ حمیرا رحمان ہوں گی۔ اس تنظیم کی پروگرام کو آرڈینیٹر دوبئی میں مقیم محترمہ عائشہ شیخ عاشی اور قطر میں موجود محترمہ انجم آرا خازن کے فرائض انجام دیں گی۔
بزمِ صدف کی اس خواتین انجمن کی مجلسِ سرپرستان میں پروفیسر کلثوم ابوالبشر(بنگلا دیش)، محترمہ شاہ جہاں جعفری حجاب(کویت)، محترمہ غزال ضیغم(ہندستان) اور محترمہ رفعت جہاں (قطر) شامل کی گئی ہیں۔ اس ادبی تنظیم کی مجلسِ مشیران میں محترمہ شاہین کاظمی(سویٹزرلینڈ)، ڈاکٹر شایستہ حسن(ناروے)، محترمہ عشرت معین سیما(جرمنی)، محترمہ عنبرین صلاح الدین(پاکستان)، ڈاکٹر ثروت زہرا(دوبئی)، ڈاکٹر وفا یزداں منش(ایران)، محترمہ صدف مرزا(ڈنمارک)، محترمہ فریدہ نثار انصاری(قطر)، محترمہ درخشاں اندرابی(ہندستان)، محترمہ تہمینہ راو(آسٹریلیا)جیسی نمایندہ شاعرات اور ادیباؤں کو شامل کیا گیا ہے۔
بزمِ صدف کی اس خواتین شاخ میں جوائنٹ سکریٹری محترمہ تسنیم حسن(برطانیہ)، جوائنٹ پروگرام کوآرڈینیٹر محترمہ شبانہ جاوید(ہندستان)، میڈیا سکریٹری محترمہ سمیعہ ناز ملک(شارجہ) اور جوائنٹ میڈیا سکریٹری محترمہ امرینہ قیصر(سعودی عرب) کی نامزدگی سے ادارے کا دائرہئ کار وسیع ہوا ہے۔ مجلسِ عاملہ کے ارکان میں محترمہ حفصہ اختر(بنگلادیش)، ڈاکٹر نازیہ بیگم جافو(ماریشس)، ڈاکٹر الفیہ نوری(ہندستان) اور ڈاکٹر گلزیدہ خان(ہندستان) شامل کی گئی ہیں۔
اس لٹریری فورم آف وومن“ میں کل اٹھارہ ممالک کی اردو داں آبادی کی نمایندگی ہے اور توقع کی جاتی ہے کہ دنیا کی آدھی آبادی کے ذہن و فکرکی ادبی نمایندگی کے لیے یہ ادارہ آنے والے وقتوں میں کارگر خدمات انجام دے کر اردو کی بین الاقوامی حیثیت کی ترجمانی بہ طور احسن کرے گا۔ آیندہ 10/اکتوبر کو اس ادارے کا یومِ تاسیس مقرر کیا گیا ہے جس موقعے سے ایک عالمی آن لائن مشاعرہ اور تنظیمِ خواتین کی ادبی ضرورت کے موضوع پر ویبینار منعقد کیاجائے گا۔
مسٹر شہاب الدین احمد نے بتایا کہ وبائی دنوں میں جب دنیا بھر کے ہر طبقے کے افراد اپنے گھروں میں سمٹ گئے ہیں، اس ماحول میں عالمی سطح پر ادبا و شعرا سے گفتگو کے دوران یہ بات قابلِ غور ہوئی کہ بزمِ صدف جس طرح دنیا بھر کے ممالک کے ادیبوں اور شاعروں کے درمیان ایک عالمی انجمن کے طور پر ادبی خدمات پیش کررہی ہے، اسی طرح ایک خواتین کی عالمی ادبی انجمن کا قیام بھی ایک اہم ضرورت ہے۔ اس سلسلے سے گذشتہ کئی مہینوں سے دنیا بھر کے مختلف ممالک میں مقیم خواتین شاعرات اور نثرنگاروں سے مختلف مراحل میں تبادلہئ خیالات کے بعد اس ادبی انجمن کے قیام کی بنیادیں تیار ہوئیں۔
بزمِ صدف کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے بتایا کہ اردو کی ادبی تاریخ خواتین کی بہترین ادبی اور علمی خدمات سے روشن رہی ہے مگر تنظیمی سطح پر ان کی آزاد تنظیم کے سلسلے سے زیادہ کام نہیں کیے جاسکے۔ رشید جہاں نے ترقی پسند تحریک کے ابتدائی زمانے میں تنظیمی سطح پر بڑی سرگرم پہچان قائم کی تھی مگر قومی یا بین الاقوامی سطح پر اردو آبادی کے بیچ اس طرح کی انجمن کا کوئی ٹھوس خاکہ کبھی سامنے نہیں آیا۔ اس لیے بزمِ صدف نے یہ ذمے داری اٹھائی ہے اور ابتدائی طور پر ۸۱/ملکوں کے نمایندوں کو شامل کرکے اس تنظیم کا قیام کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس بات کی توقع ہے کہ ابھی بہت سارے نئے ممالک کے افراد بھی اس تنظیم کا حصہ ہوں گے اور بزمِ صدف کی مرکزی کمیٹی سے مل جل کر یہ ادارہ آنے والے وقت میں ادبی انعقادات، کتب و رسائل کی اشاعتیں اور ادب اور سماج کو نئے نقطہئ نظر کے ساتھ سمجھنے کے لیے ماحول فراہم کرے گا۔
جناب صبیح بخاری(سرپرستِ اعلا)، پروفیسر ارتضیٰ کریم(سرپرست)، ضامن جعفری(کناڈا)، جاوید دانش(کناڈا)، باصر سلطان کاظمی(برطانیہ)، پروفیسر سید جاوید زیدی(سرپرست قطر)، مشتاق احمد نوری، احمد اشفاق(پروگرام ڈائرکٹر، بزمِ صدف انٹرنیشنل)، ڈاکٹر زاہد الحق، عمران اسد(صدر، بزمِ صدف انٹرنیشنل)، ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی(نائب صدر، بزم صدف انٹرنیشنل، قطر)، مہتاب قدر(صدر، بزمِ صدف انٹرنیشنل، سعودی عرب)، مسعود حساس (صدر،بزمِ صدف انٹرنیشنل، کویت)، پروفیسر محمود الاسلام(صدر، بزمِ صدف انٹرنیشنل، بنگلادیش)، احیاء الاسلام(صدر، بزمِ صدف انٹرنیشنل، دوبئی)، انور ظہیر رہبر(جرمنی)، مقصود انور مقصود(قطر)، انجینئر جاوید احمد(صدر، اے ایم یو، الیومینائی ایسوسی ایشن، قطر)، محمد گوہر(مدیر اعلا، تاثیر)، عابد انور (مدیر اعلا، مسرت ویکلی)، ڈاکٹر نظام الدین احمد(مدیر، رسالہ صدف) نے بزمِ صدف کی خواتین تنظیم کو اس موقعے سے مبارک باد دی ہے اور اپنی نیک تمنائیں پیش کرتے ہوئے ان تمام اصحاب نے اس بات کی توقع کی ہے کہ خواتین کا یہ ادبی ادارہ آنے والے وقت میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔