Masarrat
Masarrat Urdu

یورپی یونین کے ساتھ ایف ٹی اے سے نئے مواقع کھلیں گے: سیتارمن

Thumb

نئی دہلی، 27 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن نے یورپی یونین (ای یو) کے ساتھ ہندوستان کے آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کو ایک اہم لمحہ قرار دیتے ہوئے منگل کے روز کہا کہ اس سے ہندوستانی شہریوں کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

سیتارمن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھاکہ"یقیناً یہ ایک سنگِ میل ہے۔ یہ باہمی فائدہ مند معاہدہ ہمارے ملک کے عوام کے لیے مزید مواقع پیدا کرے گا۔"

انہوں نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت اور رہنمائی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور وزیرِ تجارت و صنعت پیوش گوئل کی قیادت میں مذاکراتی ٹیم کی انتھک محنت کی ستائش کی۔

وزیرِ اعظم مودی نے یہاں حیدرآباد ہاؤس میں یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین کے ساتھ 16ویں ہندوستان–یورپی یونین سربراہی اجلاس کے بعد مشترکہ بیان میں اس معاہدے کی جانکاری دیتے ہوئے کہاکہ "آج ہندوستان نے اپنی تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا آزاد تجارتی معاہدہ مکمل کیا ہے۔ آج تاریخ 27 ہے اور یہ ایک خوشگوار اتفاق ہے کہ آج ہی کے دن ہندوستان یورپی یونین کے 27 ممالک کے ساتھ یہ آزاد تجارتی معاہدہ کر رہا ہے۔ یہ صرف ایک تجارتی معاہدہ نہیں ہے، بلکہ مشترکہ خوشحالی کا نیا خاکہ ہے۔"

سیتارمن نے ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ یہ ایف ٹی اے بدلتی ہوئی عالمی سپلائی چینز اور ابھرتی ہوئی اقتصادی حقیقتوں کے مطابق ہے اور ہندوستان کو ایک قابلِ اعتماد اور دوراندیش اقتصادی شراکت دار کے طور پر قائم کرتا ہے۔ یہ معاہدہ ہندوستان کو 27 ممالک کے ساتھ جوڑتا ہے، جس سے 20 کھرب ڈالر کی منڈی تک رسائی ممکن ہوتی ہے اور دنیا کے سب سے ترقی یافتہ صارفین میں سے ایک تک لامحدود ترقی کے امکانات کی راہ ہموار ہوتی ہے۔

 

Ads