Masarrat
Masarrat Urdu

طوفان الاقصی کے بعد خطے میں طاقت کا توازن مقاومت کے حق میں تبدیل ہوچکا ہے، جنرل موسوی

Thumb

تہران، 29 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل موسوی نے کہا ہے کہ طوفان الاقصی کے بعد دنیا میں امریکہ اور صہیونی حکومت مزید رسوا اور طاقت کا توازن مقاومت کے حق میں تبدیل ہوچکا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ طوفان الاقصی آپریشن کے بعد خطے میں طاقت کا توازن مقاومتی محاذ اور انقلاب اسلامی کے حق میں بدل چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، امام حسن مجتبیؑ کیڈٹ کالج اور پولیس ٹریننگ کالج میں آؤٹ پاسنگ کی 49ویں تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل موسوی نے فارغ التحصیل طلباء اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ ایرانی پولیس فورس کی باوقار وردی پہننا اور ولی فقیہ کی زیرِ قیادت عوام کی خدمت کرنا باعث فخر ہے۔

خطے کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طوفان الاقصی کے بعد دنیا بدل چکی ہے، اور اب طاقت کا توازن انقلاب اسلامی کے حق میں ہے۔

انہوں نے 12 روزہ جنگ کو صرف عسکری تصادم نہیں بلکہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکمت، اقتدار اور مقاومت کی بصیرت کا مظہر قرار دیا۔ اس بحران کا انتظام رہبر معظم کی حکیمانہ قیادت، بیدار ملت اور طاقتور مسلح افواج کے ذریعے ممکن ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج صہیونی بچوں کے قاتل اسرائیل اور اس کے سرپرست امریکہ کا اصل چہرہ دنیا پر آشکار ہوچکا ہے، جو گزشتہ دو سالوں میں چھ مسلم ممالک پر حملہ آور ہو کر ہزاروں بے گناہوں کو شہید کرچکا ہے۔

انہوں نے ایرانی قوم کی متحدہ مزاحمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران، رہبر معظم کی قیادت میں تاریخ کے درست رخ پر کھڑا ہے اور عالمی استکبار و صہیونی حکومت کے خلاف کسی قسم کی پسپائی اختیار نہیں کرے گا۔

جنرل موسوی نے ایرانی پالیسیوں میں عزت و حکمت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے دینی اقدار، عزت اور تمدنی عظمت پر کسی سے سودے بازی نہیں کرے گا۔ ہماری پالیسی عقلانیت، عزت، مصلحت اور مقاومت پر مبنی ہے۔

Ads