ڈاکٹر نریش کمار نے بدھ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریکھا گپتا حکومت عوام کی بنیادی ضروریات سے پوری طرح بے خبر ہے اور صرف تشہیر اور دکھاوے پر توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات سے پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نئے اسپتال کھولنے اور آیوشمان آروگیہ مندر بنانے کی باتیں کر رہی تھیں، لیکن اب پہلے سے قائم محلہ کلینک بند کیے جا رہے ہیں۔
یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ حکومت صرف نعرے لگانے اور جملے بازی کرنے میں ماہر ہے، مگر حقیقی کام کرنے میں اس کی کوئی دلچسپی نہیں۔
ڈاکٹر کمار نے کہا کہ دہلی کی ہوا زہریلی ہو چکی ہے، یمنا کا پانی آلودہ ہے، بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں اور عوام علاج کے لیے پریشان ہیں۔ ایسے وقت میں حکومت کو صحت کی سہولیات کو کمزور کرنے کے بجائے انہیں مضبوط کرنا چاہیے۔
انہوں نے سوال کیا کہ ’’اگر پرانا سسٹم ختم کیا جا رہا ہے، تو نیا سسٹم کہاں ہے؟ عام آدمی علاج کے لیے آخر کہاں جائے گا؟‘‘
ڈاکٹر نریش کمار نے مزید کہا کہ محلہ کلینک بند کرنے کے اس فیصلے سے وہاں کام کرنے والے سینکڑوں ڈاکٹر اور طبی اہلکار بے روزگار ہو جائیں گے۔
بی جے پی حکومت نے ان ملازمین کے لیے کوئی متبادل روزگار اسکیم تیار نہیں کی ہے، بلکہ انہیں بے روزگار کرنے کا نیا فرمان جاری کر دیا ہے، جس سے یہ لوگ اپنی روزی روٹی کے سلسلے میں سخت پریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نئے اسپتال کھولنے اور روزگار پیدا کرنے کے بجائے موجودہ صحت کے نظام کو تباہ کر رہی ہے، جس سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا۔
جہاں عام آدمی پارٹی کی سابقہ حکومت نے دہلی کی حالت خراب کی تھی، وہیں بی جے پی حکومت نے تو حالات کو مزید بدتر بنا دیا ہے۔
