ویراٹ کوہلی 50 سال کی عمر تک کھیل سکتے ہیں:وارنر
سڈنی ،28 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام )آسٹریلیا کے سابق اوپنر ڈیوڈ وارنر کا کہنا ہے کہ ویراٹ کوہلی 50 سال کی عمر تک کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔ آسٹریلیا کے سابق کرکٹر ڈیوڈ وارنر سڈنی میں آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان حال ہی میں ختم ہونے والی تیسرے اور آخری ون ڈے سے قبل ہندوستان کے تجربہ کار بیٹر ویراٹ کوہلی کے ساتھ گفتگو کی۔ انہوں نے ویراٹ کوہلی کی تعریف کی اور کہا کہ وہ برسوں بعد بھی فٹنس برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ میں نے کافی عرصے سے ویراٹ کوہلی کو نہیں دیکھا تھا، اس لیے میں نے انہیں گلے لگایا، مصافحہ کیا اور پوچھا کہ وہ اور اہلخانہ کیسے ہیں، ہم نے کرکٹ کے بارے میں کچھ بات کی اور میں نے ان سے کہا کہ وہ بہت فٹ نظر آتے ہیں اور وہ 50 سال کی عمر تک کھیل سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ 36 سالہ ویراٹ کوہلی ٹیسٹ اور ٹی 20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کے بعد اب صرف ون ڈے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور امکان ہے کہ وہ 2027 ورلڈ کپ کے بعد اس فارمیٹ کو بھی خیرباد کہہ دیں گے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں ویراٹ کوہلی صفر پر آؤٹ ہوئے اور آخری ون ڈے میں 74 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کینگروز نے ہندوستان کے خلاف ون ڈے سیریز 2-1 سے اپنے نام کی تھی۔