نئی دہلی،27 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) بہار میں آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخاب میں عوام سے سوجھ بوجھ اور جذبات سے اوپر اٹھ کر دماغ سے کام لینے کی اپیل کرتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے رکن انتخاب عالم نے کہاکہ بہار کے پس منظر میں اورخاص طور پر فرقہ پرستوں کو شکست دینے کے لئے مہاگٹھبندھن کے امیدواروں کو فتحیاب کرانا لازمی ہے۔یہ بات انہوں نے سیمانچل سرکل آف دہلی کی طرف سے ’بہار اسمبلی انتخابات:اندیشے امکانات‘ کے موضوع پر منعقدہ ایک مذاکرے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہاکہ ملک کی بقاء کے لئے فرقہ پرستوں کی شکست ضروری ہے۔ سیکولر پارٹیوں کے رویوں سے ہمیں شدید اختلافات ہیں لیکن ملک کے وقار اور بقاء کے لئے ہمیں مہاگٹھبندھن کے امیدوار کو ووٹ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح دو فیصد والے وائی آئی پی کو مہاگٹھبندھن کی طرف سے نائب وزیر اعلی بنانے کا اعلان کیا گیا ہے اسی طرح کسی مسلمان کو بھی نائب وزیر اعلی بنانے کا اعلان کیا جانا چاہئے تھا لیکن ایسا نہیں ہوا اور جس سے مسلمان اپنے آپ کو نظرانداز محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہاگٹھبندھن کو اس سلسلے میں پہل کرنا چاہئے۔

سیمانچل سرکل آف دہلی کے صدر اور یو این آئی کے معروف صحافی عابدانور نے کہاکہ اس موقع پر بہار اور خاص طور پر سیمانچل کے حساس حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اہل سیمانچل کی ذمہ دار بڑھ جاتی ہے کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کو ابھرنے کا موقع نہ دیں۔ انہوں نے کہاکہ آج فرقہ پرست طاقتوں حریص نگاہیں سیمانچل پر مرکوز ہیں اور وہ ہر حال میں وہاں کے مسلمانوں کو تباہ و برباد کرنا چاہتی ہیں۔ یہ الیکشن ہمارے سنہرا موقع ہے کہ ہم ایسی طاقتوں کو شکست فاش دیں اور امیدوار کے انتخاب میں عقل سے کام لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیمانچل کے عوام کو چاہئے کہ وہ سیمانچل کو سیاسی تجربہ گاہ بنانے کا موقع نہ دیں۔
سیمانچل سرکل آف دہلی کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر مہربان علی فلاحی نے اعداد و شمار کی روشنی میں سیمانچل اور کوسی خطہ اسمبلی سیٹوں کے بارے بتاتے ہوئے کہا کہ اگر مسلمان اور سیکولر عوام شعور سے کام لیں تو وہاں فرقہ پرستوں کو شکست دینا کوئی مشکل کام نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اچھے امیداور کو کامیابی سے ہمکنار کئے بغیر ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ہماری نمائندگی میں اضافہ ہماری سوجھ بوجھ پر منحصر ہے۔

سیمانچل سرکل آف دہلی کے سرپرست مولانا نثار احمد ندوی نے اچھے امیدوار کی کامیابی کی وکالت کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ایسے امیدواروں کو کامیابی دلانے کے لئے لوگوں سے رابطہ کریں۔
سیمانچل سرکل آف دہلی کے نائب صدر ڈاکٹر شمیم احمد ندوی نے تعارفی کلمات پیش کرتے ہوئے سیمانچل کے حالات پر روشنی ڈالی اور وہاں کے گوناگوں مسائل سے آگاہ کیا۔ اس مذاکرے کے اہم شرکاء میں ظفر کمال ندوی، امجد ندوی، مولانا سہراب قاسمی، اصغر علی ندوی، دانش حسن، جہانگیر فلاحی، مصطفی عمری، شمشیر علی اصلاحی اور دیگر معزز حضرات شامل تھے۔
