Masarrat
Masarrat Urdu

سر سید کا مشن ابھی نامکمل،مسلم بچوں میں ترکِ تعلیم کی شرح اب بھی بلند: اقرا حسن

Thumb


دوحہ، 23 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام)  علیگڑھ مسلم یونیورسٹی الومنائی ایسوسی ایشن قطر (اے ایم یو اے اے کیو) نے سر سید احمد خان کی خدمات اور تعلیمی مشن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے گزشتہ دنوں سر سید ڈے دوحہ میں شاندار طریقے سے منایا۔

تقریب کی مہمانِ خصوصی محترمہ اقرا حسن چودھری، رکن پارلیمنٹ (ہند) نے اپنی پُراثر تقریر میں کہا کہ سر سید کا مشن ابھی نامکمل ہے، کیونکہ مسلم بچوں میں ترکِ تعلیم کی شرح اب بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے علیگ برادری سے اپیل کی کہ وہ پسماندہ بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری اٹھائیں۔جبکہ ہندوستان کے سفیر برائے قطر عزت مآب وپل نے صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سر سید احمد خان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علیگ برادری قطر میں اپنے علم و خدمت سے بھارت اور قطر کے تعلقات کو مضبوط بنا رہی ہے۔
ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی، صدر اے ایم یو اے اے کیو نے اپنے خطاب میں سر سید احمد خان کے مشن کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور ایسوسی ایشن کی سال بھر کی سرگرمیوں کا ذکر کیا۔

جاوید احمد، چیئرمین اے ایم یو اے اے کیو نے اتحاد و تعاون کے جذبے کو "One Team, One Dream" کے نعرے سے تعبیر کیا۔ تقریب میں سر سید احمد خان کے تمام مکتوبات و تحریروں پر مشتمل 20 جلدوں کے مجموعے کی رونمائی بھی کی گئی، جسے ڈاکٹر عطا خورشید نے مرتب اور عاطف حنیف نے شائع کیا۔ اسی موقع پر عاطف حنیف کی نئی کتاب کا بھی بین الاقوامی اجرا ہوا، اور انہیں "علیگریئن آف دی ایئر" ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ایسوسی ایشن نے اپنا پہلا سالانہ سووینیر "ابرِ علیگڑھ" بھی جاری کیا، جس کی تدوین ممنون احمد بنگش نے کی۔ تقریب میں علیگڑھ ترانہ کی نئی ویڈیو بھی پیش کی گئی، جسے جناب فیروز خان نے تیارکیا۔ دیگر معزز مہمانوں میں امتیاز انور صدیقی، پروفیسر انور رضوی، ڈاکٹر عطا خورشید اور عاطف حنیف شامل تھے۔

سالانہ ایوارڈز میں انجو شرما (میڈیا پرسنالٹی)، پروفیسر انور رضوی (تعلیم)، جناب پی۔ حامد (سماجی خدمت)، اور ڈاکٹر ندیم جیلانی و محترمہ غزالہ یاسمین (بہترین والدین) کو اعزازات دیے گئے۔
تقریب کا اختتام قطر و ہندوستان کے قومی ترانوں اور علیگڑھ ترانہ کی پیشکش سے ہوا۔ مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں عتیق انظر، احمد اشفاق، شمع پروین صدیقی، اشفاق دیشمکھ، ندیم جیلانی دانش اور ممنون احمد بنگش نے کلام سنایا۔ تقریب کے کامیاب انعقاد پر لیڈیز وِنگ اے ایم یو اے اے کیو کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تنظیم کے نائب صدر انجینئر فیصل نسیم نے مہمانوں ،اسپانسر س اور جن ممبران کا شکریہ ادا کیا ان میں فرمان خان، ممنون احمد بنگش، فرخ علی فاروقی ، صائمہ شہاب الدین ، ڈاکٹر انتخاب عالم، ڈاکٹر عمران ممتاز، عماد الدین احمد ، سید شہاب الدین، شیخ تنویر احمد ، الطاف گوہر کے نام قابل ذکر ہیں۔ پروگرام میں بڑے پیمانے پرعلی گڈھ کے الیومنی اور دیگر عمائدین شہر دوحہ نے شرکت کی۔قبل ازیں محترمہ غزالہ یاسمین نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور نظامت کے فرائض ڈاکٹر اشنا نصرت اور ڈاکٹر نعیم امان نے انجام دیے۔

Ads