تہران، 26 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) فلسطین اور وینزویلا کے حق میں مؤقف پر واشنگٹن صدر گسٹاؤ پر پابندی کا اعلان امریکی وکیل نے اقدام کو سیاسی انتقام قرار دے دیا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ نے کولمبیا کے صدر گوسٹاؤ پیٹرو، ان کی اہلیہ اور بیٹے پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول نے اس فیصلے کا اعلان کیا، جس کے تحت کولمبیا کے وزیر داخلہ آرماندو بینیڈیٹی کو بھی بلیک لسٹ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی وکیل اور انسانی حقوق کے کارکن ڈین کووالک نے روسی میڈیا کو بتایا کہ یہ اقدام مکمل طور پر سیاسی بنیادوں پر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ پابندیاں بلاجواز ہیں اور ان کا مقصد سیاسی دباؤ ڈالنا ہے۔
کووالک نے وضاحت کی کہ صدر پیٹرو اس وقت دنیا میں مسئلہ فلسطین کے سب سے مؤثر حامیوں میں سے ایک ہیں، اور چونکہ صدر ٹرمپ اسرائیل کی غزہ میں فوجی کارروائیوں کی حمایت کر رہے ہیں، اس لیے پیٹرو کا مؤقف انہیں ناگوار گزرا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر پیٹرو نے وینزویلا میں کسی بھی قسم کی مداخلت میں تعاون سے انکار کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
وکیل نے کہا کہ وہ قانونی راستے اختیار کرنے پر غور کر رہے ہیں اور اس فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔
