Masarrat
Masarrat Urdu

خواتین عالمی کپ : آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو شکست دی، سیمی فائنل میں ہندوستان سے مقابلہ

Thumb

اندور، 25 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) – پلیئر آف دی میچ الانا کنگ (سات وکٹیں) کی شاندار گیندبازی کی بدولت آسٹریلیا نے ہفتے کو خواتین ورلڈ کپ کے 26ویں میچ میں جنوبی افریقہ کو صرف 24 اوورز میں 97 رنز سمیٹنے کے بعد آسانی سے 98 رن بناکر یکطرفہ انداز میں جیت حاصل کرکے پوائنٹ ٹیبل میں چوٹی کا مقام حاصل کرلیا۔

اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 97 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جبکہ آسٹریلیا نے 17ویں اوور میں ہدف حاصل کر کے میچ جیت لیا۔

98 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اترنے والی آسٹریلیا ویمنز کی شروعات خراب رہی۔ ٹیم نے صرف 11 رنز پر دو وکٹیں گنوا دیں۔ فیبی لِچ فیلڈ 5 رنز بنا کر اور ایلس پیری بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئیں۔

اس کے بعد جارجیا وول اور وکٹ کیپر بیٹھ مونی نے نصف سنچری شراکت قائم کی۔ مونی 42 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں، جبکہ ان کے بعد اینا بیل سدرلینڈ نے صرف 4 گیندوں میں 10 رنز بنا کر ٹیم کو 17ویں اوور میں جیت دلوائی۔ وول 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔

جنوبی افریقہ کے لیے ماریجان کیپ، نادین ڈی کلارک اور مساباتا کلاس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ایابونگا کھاکا اور نونکولوکو مالبا کوئی وکٹ نہ لے سکیں۔

آسٹریلیا اب 30 اکتوبر کو نوی ممبئی میں دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان سے سامنا کرے گی ، جبکہ جنوبی افریقہ 29 اکتوبر کو گوہاٹی میں پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ سے مقابلہ کرے گی۔

ٹاس جیت کر آسٹریلیا نے پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔ بلے بازی کے لیے اترنے والی جنوبی افریقہ کی ابتدائی جوڑی لورا ولفارٹ اور تجمن برٹس نے پہلے وکٹ کے لیے 32 رنز کی شراکت قائم کی، جو اس میچ میں ان کی ٹیم کی سب سے بڑی شراکت تھی۔ ساتویں اوور میں میگن شٹ نے لورا ولفارٹ کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑ دیا۔ ولفارٹ نے 26 گیندوں میں سات چوکے لگا کر 31 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے بعد آسٹریلوی گیندبازی کے سامنے جنوبی افریقہ کی دیگر بلے باز زیادہ دیر کریز پر ٹک نہ سکیں۔ مجموعی طور پر جنوبی افریقہ کی آٹھ خاتون کھلاڑی دہائی کے اعداد تک بھی نہ پہنچ سکیں۔ سینالو جافٹا نے 17 گیندوں میں 29 رنز بنائے۔ 24ویں اوور کی آخری گیند پر الانا کنگ نے نادین ڈی کلارک (14) کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کی اننگز کا اختتام 97 رنز پر کر دیا۔

آسٹریلیا کے لیے الانا کنگ نے سات اوورز میں 18 رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کیں اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میگن شٹ، کِم گارتھ اور ایشلے گارڈنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف چھوٹا ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا نے اپنا سرفہرست مقام یقینی بنا لیا اور ٹورنامنٹ میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی ہے۔

 

 

Ads