Masarrat
Masarrat Urdu

صہیونی حکومت کو چھوٹ دینے کا سلسلہ ختم کیا جائے، عالمی عدالت کے فیصلے پر ایران کا ردعمل

  • 26 Oct 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 26 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے، عالمی برادری چپ کا روزہ توڑ دے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے فیصلے کے بعد امریکہ اور یورپ کی جانب سے اسرائیل کو حاصل دائمی چھوٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی ادارے اسرائیل کو قانون کے کٹہرے میں لائیں۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ عالمی عدالت انصاف کی رائے ایک بار پھر اس ناقابل انکار حقیقت کو بے نقاب کرتی ہے کہ اسرائیلی حکومت بین الاقوامی انسانی قوانین کی ہر شق کی خلاف ورزی کرتی رہی ہے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل، بطور قابض حکومت اقوام متحدہ کے اداروں کے ساتھ تعاون کا پابند ہے تاکہ غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے اور اسے ان امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے سے بھی باز رہنا ہوگا۔

بقائی نے کہا کہ عدالت نے بھوک کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کرنے کی ممانعت کو بھی دہرایا ہے، اور اسرائیل کی ذمہ داری قرار دی ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی عدالت نے جولائی 2024 میں اپنے ایک مشاورتی فیصلے میں اسرائیل کے فلسطینی علاقوں پر قبضے کو غیر قانونی قرار دیا تھا اور اس کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔

ایرانی ترجمان نے کہا کہ اسرائیل نے ان تمام اصولوں کو مسلسل نظرانداز کیا ہے اور اب نہ صرف عالمی عدالت انصاف بلکہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے بھی انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی جیسے سنگین الزامات کا سامنا کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے بھی عالمی عدالت انصاف میں ایک مقدمہ دائر کر رکھا ہے جس میں اسرائیل پر غزہ میں 1948ء کے اقوام متحدہ کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

Ads