صنعا، 17 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) یمنی مسلح افواج نے صہیونی حملے میں جنرل العمارہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شہید الغماری راہِ قدس کے قافلے کے عظیم سپاہی تھے، ان کی قربانی دشمن کے خلاف مزاحمت کو مزید مضبوط کرے گی۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی مسلح افواج نے ایک سرکاری بیان میں اعلان کیا ہے کہ چیف آف اسٹاف جنرل محمد عبدالکریم الغماری صہیونی جارحیت کے خلاف دفاعی کارروائیوں کے دوران شہید ہوگئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید الغماری نے اپنی جان راہِ جہاد اور دین کی خدمت میں قربان کی اور وہ راہ قدس کے عظیم شہداء کے قافلے میں شامل ہوگئے۔
یمنی افواج نے شہادت پر قوم کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید الغماری ایک بہادر، مؤمن اور ذمہ دار کمانڈر تھے، جنہوں نے میدان جنگ میں قیادت کا حق ادا کیا۔ ان کی شہادت کے باوجود یمنی فوجی نظام، میزائل اور ڈرون حملے کسی طور متاثر نہیں ہوں گے، بلکہ دشمن کے خلاف کارروائیاں مزید شدت اختیار کریں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صہیونی دشمن کے ساتھ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، اور اللہ کے فضل سے وہ اپنے جرائم کی سزا ضرور پائے گا۔
یمنی افواج نے واضح کیا کہ شہداء کا راستہ کسی ایک کی شہادت سے ختم نہیں ہوتا، بلکہ یہ ایک نسل در نسل جاری رہنے والا مشن ہے، جسے ہر دور کے مجاہدین آگے بڑھاتے رہیں گے۔
یمنی فوج نے اس موقع پر اپنے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہداء کے خون سے وفاداری کا عہد کرتے ہیں، اور ان کی جہادی زندگی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ہم اپنے وعدے پر قائم، اپنے عہد پر ثابت قدم اور اپنی راہ پر استوار رہیں گے، یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ ہمیں مکمل فتح عطا فرمائے۔