199 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کی الیسا ہیلی اور فیبی لچ فیلڈ کی جوڑی نے شاندار آغاز کیا اور تیزی سے رنز بنائے۔ الیسا ہیلی نے 77 گیندوں پر 20 چوکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 113 رنز بنائے، جبکہ فیبی لچ فیلڈ نے 72 گیندوں پر 12 چوکے اور ایک چھکا لگا کر ناٹ آوٹ 84 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا نے 24.5 اوور میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 202 رنز بنا کر میچ 10 وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میں اپنا سب سے بڑا اسکور بنایا۔ اس میں شوبھنا موستری (ناٹ آوٹ 66) کا اہم کردار رہا۔ انہوں نے درمیانی اووروں میں اچھی بلے بازی کی، لیکن انہیں دوسرے کنارے سے زیادہ تعاون نہیں ملا۔ بنگلہ دیش نے اچھی شروعات کی لیکن مڈل اوورز میں ٹیم لڑکھڑا گئی ۔
آسٹریلیا نے فیلڈنگ میں کچھ غلطیاں کیں اور گیندبازی میں تبدیلیاں بھی کچھ الجھن بھری رہیں۔ الانا کِنگ اور جارجیا ویئرہَم نے شاندار گیند بازی کی، جنہوں نے 17 اووروں میں مجموعی طور پر چار وکٹیں حاصل کیں اور صرف 40 رنز دیے۔
شوبھنا نے 66 رن ، حیدر نے 44 رنز کا تعاون دیا۔ بنگلہ دیش کے مجموعی اسکور میں 22 وائیڈ سمیت 28 اضافی رنز بھی شامل تھے۔ بنگلہ دیش نے مقررہ 50 اووروں میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔