179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے پہلے ہی اوور میں کپتان ایڈن مارکرم (12) کا وکٹ گنوا دیا۔ انہیں جوش ہیزل ووڈ نے وکٹ کیپر کیمرون گرین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے لوان ڈرے پریٹوریس کو گلین میکسویل نے اوون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر پویلین بھیج دیا۔ لوان ڈرے پریٹوریس نے نو گیندوں میں 14 رنز بنائے۔
ڈیولڈ بریوس تیسرے وکٹ کے طور پر دو رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ٹرسٹن اسٹبس نے ریان رکلٹن کے ساتھ اننگ کو سنبھالا اور تیزی کے ساتھ رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھے وکٹ کے لیے 72 رنز کی شراکت ہوئی۔ 15ویں اوور میں ہیزل ووڈ نے ٹرسٹن اسٹبس کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ ٹرسٹن اسٹبس نے 27 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنائے۔ اسی اوور میں ہیزل ووڈ نے جارج لنڈے (صفر) کو بھی اپنا شکار بنایا۔ اگلے اوور میں ایڈم زیمپا نے کوربن بوش (دو) اور سینوران متھوسامی (صفر) کو آؤٹ کرکے میچ کا رخ اپنی ٹیم کے حق میں کردیا۔ 20ویں اوور کی دوسری گیند پر بین ڈوارشیئس نے ریان رکلٹن کو میکسویل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کر آسٹریلیا کی جیت کو یقینی بنادیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں پر 161 رنز ہی بنا سکی اور 17 رنز سے میچ ہار گئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ اور بین ڈوارشیئس نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایڈم زیمپا کو دو وکٹ ملے۔ گلین میکسویل نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ ٹم ڈیوڈ کو ان کی شاندار اننگ کے لئے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
اس سے قبل آج یہاں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری آسٹریلیا کی شروعات اچھی نہیں رہی اوراس نے 30 کے اسکور پر اپنی تین وکٹیں گنوادیں۔ ٹریوس ہیڈ (دو)، جوش انگلس (صفر) اور کپتان مچل مارش (13) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کیمرون گرین اور ٹم ڈیوڈ نے دھماکہ خیز بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھے وکٹ کے لیے 40 رنز جوڑے۔
چھٹے اوور میں لونگی نگیڈی نے کیمرون گرین کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو چوتھا جھٹکا دیا۔ کیمرون گرین نے 13 گیندوں میں چار چوکے اور تین چھکے لگا کر 35 رنز بنائے۔ اس کے بعد مچل اوون (دو) اور گلین میکسویل (ایک) سستے میں پویلین لوٹ گئے۔ اس دوران ٹم ڈیوڈ ایک اینڈ پر رنز بناتے رہے۔ بین دوارشئیس (17)، ایڈم زیمپا ایک رن بناکرآؤٹ ہوئے۔ 19ویں اوور میں لنگی نگیڈی نے ٹم ڈیوڈ کو بولڈ کردیا۔ ٹم ڈیوڈ نے 52 گیندوں پر آٹھ چھکے اور چار چوکے لگا کر 83 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 178 کے اسکور پر آل آؤٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کا آخری وکٹ ناتھن ایلس (12) رن آؤٹ کے طورپر گرا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے وینا مفاکا نے چار اوورز میں 20 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ کگیسو ربادا کو دو وکٹ ملے۔ لنگی نگیڈی، جارج لنڈے اور سینورن متھوسامی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔