Masarrat
Masarrat Urdu

اربعین کے خصوصی پوسٹر کا مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کے ہاتھوں اجراء

  • 10 Aug 2025
  • مسرت ڈیسک
  • مذہب
Thumb

حیدرآباد,10 اگست(مسرت ڈاٹ کام)  کوئلہ و کانکنی کے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے بی جے پی کیمپ آفس حیدرآباد میں اربعین 2025 کے خصوصی پوسٹر کا اجراء کیا۔ اس موقع پر بی جے پی کے ریاستی ترجمان میر فراست علی باقری اور کمیونٹی قائدین سید ریحان حیدر اور طاہر علی زیدی موجود تھے۔

جاری ریلیز کے مطابق مسٹر جی کشن ریڈی نے پوسٹر جاری کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیراعظمِ  نریندر مودی کا حضرت امام حسینؑ کی یاد میں پیغام پہنچایا۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ "حضرت امام حسینؑ کی قربانیاں ان کے عزم و استقلال اور حق کے ساتھ وابستگی کی عکاسی کرتی ہیں امام حسینؑ نے دنیا کو سکھایا اور پیغام دیا ہیکہ کس طرح مصیبت اور ناانصافی کے باوجود سچائی پر قائم رہنا چاہیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر فراست علی باقری نے اربعین کی تاریخی اور روحانی اہمیت بیان کی جو یومِ عاشورہ کے چالیس دن بعد منایا جاتا ہے۔ عاشورہ وہ دن ہے جب حضرت امام حسینؑ ابن حضرت امام علیؑ جو آخری نبی حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے نواسے اور شیعوں کے تیسرے امام ہیں کی شہادت واقع ہوئی۔انہوں نے بیان کیا کہ حضرت امام حسینؑ اپنے بیشتر اہلِ خانہ اور چند وفادار ساتھیوں کے ہمراہ 10 محرم 61 ہجری کو کربلا کے میدان میں شہید ہوئے۔ یہ معرکہ اس وقت پیش آیا جب امام حسینؑ نے اموی خلیفہ یزید کی بیعت سے انکار کر دیا جسے مؤرخین اکثر نااہل اور ظالم حکمران کے طور پر بیان کرتے ہیں۔شیعہ روایت میں واقعۂ کربلا کو حق و باطل کے درمیان ابدی جدوجہد، ایثار و قربانی کی معراج اور نبی اکرم ﷺ کے مشن کے تحفظ کا اہم موڑ قرار دیا جاتا ہے اربعین ان قربانیوں کی یاد اور عدل، سچائی اور اخلاقی جرات جیسے اقدار کی تجدید کا دن ہے۔
تقریب کا اختتام اتحاد، یکجہتی اور یادگارِ کربلا کے پیغام پر ہوا جس میں امام حسینؑ کی قربانی کو پوری انسانیت کے لیے ایک ابدی تحریک قرار دیا گیا۔

Ads