تہران، 5 اگست (مسرت ڈاٹ کام) قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے معائنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے کر کہا کہ بین الاقوامی وفد صرف تکنیکی مذاکرات کے لیے آرہا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے بین الاقوامی میڈیا میں شائع ان خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں دعوی کیا گیا تھا کہ ایران نے اقوام متحدہ کے جوہری توانائی ادارے کو اپنی ایٹمی تنصیبات کے معائنے کی اجازت دے دی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات قومی خودمختاری کا حصہ ہیں اور پارلیمان کے منظور کردہ قانون کی روشنی میں کسی بھی بین الاقوامی ادارے کو ان تک رسائی دینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ابراہیم عزیزی نے مزید کہا کہ آئی اے ای اے کا جو وفد جلد تہران آ رہا ہے، وہ صرف تکنیکی سطح پر گفتگو کے لیے مدعو کیا گیا ہے تاکہ ایرانی ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جاسکے اور ممکنہ ابہامات دور ہوں۔ وفد کسی بھی طرح کا معائنہ یا تنصیبات کا دورہ نہیں کرے گا۔
عزیزی نے ایران کے مؤقف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اداروں سے ایران کا تعاون صرف تکنیکی مشاورت تک محدود ہے اور قومی سلامتی کے دائرے سے باہر نہیں جاسکتا۔