Masarrat
Masarrat Urdu

غزہ میں بھکمری اور نسل کشی کے خلاف کیپ ٹاؤن میں احتجاج

  • 03 Aug 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

کیپ ٹاؤن، 3 اگست (مسرت ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے دارالحکومت کیپ ٹاؤن میں خواتین نے ہفتہ کومدرس فار غزہ کے بینر تلے ایک خاموش احتجاج کیا اور غزہ میں بھکمری اور نسل کشی کی مذمت کی۔

احتجاج کے دوران، خواتین اپنے منہ پر ٹیپ لگاکر  اور ہاتھوں میں تختیاں لے کر سمندر کے کنارے کھڑی ہوگئیں۔اُن تختیوں پر لکھا تھا’’نسل کشی بند کرو‘‘۔ کچھ خواتین نے اُن کمزور بچوں اور بزرگوں کی تصویریں اٹھا رکھی تھیں جو مبینہ طور پر خوراک اور انسانی امداد پر اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے بھوک سے مر رہے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ احتجاج کا مقصد غزہ میں جاری انسانی بحران کی طرف توجہ مبذول کرانا اور فلسطینی ماؤں اور بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔
مدرس فار غزہ کی رکن،ارینی نائٹ نے کہا کہ وہ فلسطین میں ماؤں اور بچوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا’’فلسطین میں بہت زیادہ تباہی ہوئی ہے۔ وہاں بمباری اور بھکمری ہوئی ہے - یہ سب اسرائیلی حکومت کی وجہ سے ہے۔لیکن دنیا میں اسے روکنے کے لیے جلدی نظر نہیں آتی اور ہم اس کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے یہاں آئے ہیں۔‘‘
انہوں نے مغربی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل کو فنڈز اور ہتھیاروں کی فراہمی بند کر دیں۔ انہوں نے کہا ’’جو حکومتیں اور ادارے خاموش رہے اور اس میں ملوث رہے ہیں، انہیں ایکشن لینا چاہیے۔ اس نسل کشی کو روکنا چاہیے۔ اسرائیل کو فلسطین کو تباہ کرنے سے روکنا چاہیے۔‘‘

Ads