Masarrat
Masarrat Urdu

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 14 رن سے شکست دی

Thumb

لاؤڈرہل، یکم اگست (مسرت ڈاٹ کام) صائم ایوب (58 رنز اور دو وکٹیں) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دی ۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان نے تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری ویسٹ انڈیز کے لیے جانسن چارلس اور جیول اینڈریو کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 72 رنز جوڑے۔ 12ویں اوور میں محمد نواز نے جیول اینڈریو (33 گیندوں میں 35) کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اسی اوور کی چوتھی گیند پر نواز نے جانسن چارلس (35) اور اگلی ہی گیند پر گڈاکیش موتی (صفر) کو بھی اپنا شکار بنا کر ویسٹ انڈیز کو تیسراجھٹکا دیا۔
اگلے اوور میں  ایوب نے کپتان شائی ہوپ (دو) کو آؤٹ کر کے پویلین واپس بھیج دیا۔ شرفین ردرفورڈ (11) بھی صائم ایوب کا شکار بنے۔ رووماریو شیفرڈ 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایک وقت ویسٹ انڈیز نے 16.1 اوورز میں 110 رنز پر اپنی سات وکٹیں گنوا دی تھیں۔ اس مشکل وقت میں جیسن ہولڈر اور شمر جوزف کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالا اور جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ بھی کیا لیکن اپنی ٹیم کو جیت نہ دلا سکے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 164 رنز ہی بنا سکی اور 14 رنز سے مقابلہ ہار گئی۔ جیسن ہولڈر نے 12 گیندوں میں چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہیں شمر جوزف نے 12 گیندوں میں دو چھکے اور ایک چوکا لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 21 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین اور صائم ایوب نے دو وکٹیں لیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور صفیان مقیم نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔بلے بازی کے لئے اتری پاکستان کی ٹیم کے بلے باز صاحبزادہ فرحان 14 رنز بناکر آوٹ ہوگئے، جس کے بعد صائم ایوب نے ذمے داری سنبھالی اور 57 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔فخر زمان 28 اور حسن نواز 24 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستان نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 178 رنز کا  ہدف دیا تھا۔جواب میں ویسٹ انڈیز کے سلامی بلے بازوں نے اچھا آغاز کیا تاہم اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹوں کی لائن لگ گئی۔
صائم ایوب کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Ads