Masarrat
Masarrat Urdu

نائب صدر کے عہدے کے لیے 9 ستمبر کو انتخاب، 7 اگست کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا

Thumb

نئی دہلی، یکم اگست (مسرت ڈاٹ کام) نائب صدر کے عہدے کے لیے انتخابات 9 ستمبر کو ہوں گے۔ اس کے لیے نوٹیفکیشن اگلے ہفتے جمعرات کو جاری کیا جائے گا۔

جمعہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق نائب صدر کے انتخاب کا نوٹیفکیشن 07 اگست بروز جمعرات جاری کیا جائے گا جس کے ساتھ ہی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل شروع ہو جائے گا۔
کاغذات نامزدگی 21 اگست بروز جمعرات تک بھرے جاسکتے ہیں اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 22 اگست بروز جمعہ ہوگی، کاغذات نامزدگی 25 اگست بروز پیر تک واپس لیے جاسکتے ہیں۔
کمیشن نے کہا ہے کہ اگر ضروری ہوا تو ووٹنگ منگل 9 ستمبر کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی۔ اسی روز ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی ریٹرننگ آفیسر کی نگرانی میں کی جائے گی۔ سب کے ووٹ کی قیمت ایک جیسی  (1) ہو گی۔ کمیشن نے راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل پرمود چندر مودی کو اس الیکشن کے لیے ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا ہے۔ نائب صدر کے انتخاب کے لیے الیکٹورل کالج میں راجیہ سبھا کے تمام منتخب اور نامزد اراکین اور لوک سبھا کے تمام منتخب اراکین شامل ہوتے ہیں۔ کمیشن پہلے ہی الیکٹورل کالج کی فہرست تیار کر چکا ہے جس میں کل 788 ممبران کے نام شامل ہیں۔
الیکٹورل کالج میں راجیہ سبھا کے 233 منتخب اور 12 نامزد ارکان اور لوک سبھا کے 543 ارکان کے نام شامل ہیں۔ اس وقت راجیہ سبھا کی پانچ اور لوک سبھا کی ایک سیٹ خالی ہے۔
مسٹر جگدیپ دھنکھڑ کے استعفیٰ کے بعد نئے نائب صدر کے لیے انتخابات ہو رہے ہیں۔

Ads