Masarrat
Masarrat Urdu

نمیشا پریا کو بچانے کے لیے حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے: وزارت خارجہ

Thumb

نئی دہلی، 17 جولائی (مسرت ڈاٹ کام)وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ  ہندوستانی  حکومت  یمن میں قتل کے معاملہ  میں  سزائے موت پانے والی  نمیشا پریا کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے  اور اس سلسلے  میں ہندوستانی سفارت خانہ وہاں کے مقامی حکام اور دوست ممالک کے ساتھ مسلسل  رابطے میں ہے۔

وزارت  خارجہ کے  ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعرات کو منعقدہ ایک  پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ  ایک حساس معاملہ ہے اور حکومت ہند اس میں مدد  کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا  کہ وزارت  خارجہ اس معاملے پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور یمن کے مقامی  حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔ حکومت کچھ اتحادی ممالک سے بھی اس ضمن میں  تعاون حاصل کر رہی ہے  تاہم ترجمان نے ان ممالک کے نام نہیں بتائے۔قابل ذکر ہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعاء پر اس وقت حوثی باغیوں کا قبضہ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم نے قانونی مدد فراہم کی ہے اور اہل خانہ کی مدد کے لیے  وکیل بھی مقرر کیا گیا ہے۔ ہم نے یہ بھی یقینی بنایا ہے کہ نمیشا پریا کے  لواحقین کو سفارتی ملاقاتوں کی باقاعدہ سہولت حاصل ہو۔ اسی  کے ساتھ  سفارت  خانہ  مقامی حکام اور نمیشا پریا کے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں  ہے۔      مزید بتایا کہ گزشتہ چند دنوں میں خاص کوششیں کی گئیں  ہیں کہ  نمیشا پریا کے  خاندان کو دوسرے فریق کے ساتھ باہمی مفاہمت کے لیے مزید وقت مل سکے۔ ترجمان  نے کہا کہ یمن کے مقامی حکام نے 16 جولائی کو طے شدہ      سزا  فی الحال  مؤخر کر دی ہے۔

Ads